امریکی حملے میں آبنائے ہُرمز کے قشم جزیرے کو نشانہ بنایا گیا: ایرانی حکام
امریکی حملے میں آبنائے ہُرمز کے قشم جزیرے کو نشانہ بنایا گیا: ایرانی حکام
منگل 17 نومبر 2026 19:52
جنگ شروع ہونے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے ایک مقامی عہدیدار کے مطابق امریکہ نے منگل کو آبنائے ہرمز میں واقع ایران کے جنوبی قشم جزیرے پر متعدد حملے کیے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے رپورٹ کیا کہ صوبہ ہرمزگان کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا کہ ’قشم جزیرے پر امریکی حملوں سے رہائشی، تجارتی یا بنیادی ڈھانچے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ جزیرے کی صورتحال قابو میں ہے اور امدادی، سروسز اور انتظامی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
ارنا کے مطابق منگل کی شام قشم جزیرے میں پانچ سے چھ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اس سے قبل ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بحرین میں قائم امریکی فوج کے زیرِ استعمال ایک ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون حملہ کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ذیلی ادارے ’سپاہ نیوز‘ کے مطابق ’پاسدارانِ انقلاب کے جنگی ڈرونز نے بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئربیس میں امریکی افواج کے زیرِ استعمال ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا۔‘
بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود میں امریکی فوجی ڈرونز کی مبینہ بار بار خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
فروری کے آخر میں مشرق وسطیٰ میں جنگ شروع ہونے کے بعد ایران نے سٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کی ہے اور اصرار کیا ہے کہ جہاز صرف تہران کی منظور شدہ گزرگاہوں کا استعمال کریں۔
ایران متعدد مرتبہ ایسے جہازوں کو نشانہ بنا چکا ہے جو اس کی منظوری کے بغیر اس راستے سے گزرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حال ہی میں اس آبی گذرگاہ کے مرکزی بحری راستوں سے تمام بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اس کے جواب میں امریکہ نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی نافذ کی اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز کی سکیورٹی میں کردار ادا کیا۔ دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل سپلائی اسی آبی گذرگاہ سے گزرتی ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران ایران نے کئی مرتبہ اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں میں آگ لگی یا وہ بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
تاہم امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حال ہی میں اس آبی گذرگاہ کے مرکزی بحری راستوں سے تمام بارودی سرنگیں صاف کر دی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق اس نے موسم گرما سے اب تک خلیجی ممالک کو آبنائے ہرمز کے ذریعے 1.5 ارب بیرل تیل برآمد کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔