Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’پاکستان غیر ملکی سیاحوں کے لیے آسان ملک نہیں‘‘

سیاحت پر ویڈیو لاگ بنانے والی امریکی خاتون الیکس رینالڈ نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحوں کے لیے اتنا آسان ملک نہیں ہے جتنا سوشل میڈیا پرپوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دکھایا جاتا ہے ۔ 
’لاسٹ ود پرپز ٹریول وی لاگ‘کے نام سے کام کرنے والی الیکس رینالڈ نے یوٹیوب پر ایک پندرہ منٹ کی ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کو پاکستان بلانے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں تنقیدی پریزنٹیشن دکھانے روک دیا گیا تھا ۔ 
ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی حکومت نے تین اور چار اپریل کو دو روزہ ٹورازم سمٹ منعقد کی تھی ۔ 
اسلام آباد میں منعقدہ سمٹ میںسوشل میڈیا کے مشہور وی لاگ کرنے والے سیاحوں ٹریور جیمز، مارک وینز، ایوا زو بیک اور ایلکس رینالڈ نے شرکت کی تھی۔ 

اپنی ویڈیو میں ایلکس رینالڈنے کہا ہے کہ انہوں نے اس سمٹ میں اپنی پریزنٹیشن میں پاکستانی سیاحت کو درپیش چینلجز کا تذکرہ کیا جس کی وجہ سے ان کو اگلے دن وزیراعظم کی موجودگی میں پریزنٹیشن سے روکا گیا ۔ 
ایلکس کے مطابق انہوں نے تنقید کرتے ہوئے اپنی ’دیانتدارانہ‘ رائے دی تھی ۔ 
امریکی خاتون وی لاگرنے اس ویڈیو میں کہا ہے کہ پاکستان ٹورازم سمٹ کی انتظامیہ نے ان کو خاموش کرانے کی کوشش کی۔ 
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان نے سیاحت کے فروغ کے لیے 50ممالک کے شہریوں کو ’آن اریول‘ ویزہ دینے جبکہ 175ملکوں کے شہریوں کو پاکستانی ویزے کے لیے آن لائن اپلائی کرنے کی اجازت دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے ۔ 
ایلکس نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی نظاروں اور دلفریب مناظر اور تاریخی مقامات سے بھرا ملک ہے مگر  یہ سیاحوں کے لیے سفر کے حوالے سے کوئی آسان ملک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسا دکھایا جاتا ہے کہ پاکستان میں غیرملکی سیاح آسانی سے گھوم پھر رہے ہیں، ایسا نہیں ہے۔ کسی بھی غیرملکی سیاح کے لیے یہاں سفر کرنا درد سر سے کم نہیں ۔ 
 انہوں نے پاکستان میں سیاحت کی حالیہ سوشل میڈیا کوریج کو’ گمراہ کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے مطابق‘ پاکستان میں سیاحوں کے تین بڑے مسائل ہیں۔
ایلکس کے مطابق کوئی بھی غیر ملکی سیاح اگر اکیلے اس ملک میں سفر کرنا چاہتا ہے تو اس کو جن بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان میں ’غیرسرکاری سفری دستاویزات‘ اور خفیہ اداروں کی جانب سے ہراساں کیا جانا شامل ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ’غیر واضح بیورو کریٹک طریقہ کار اور سفر کے لیے مسلح محافظوں کا ساتھ ہونا ضروری قرار دیا جانا بھی غیر ملکی سیاحوں کے لیے پاکستان میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔ 
ایلکس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے سراہا ہے تاہم بعض صارفین نے ان پر تنقید بھی کی ہے۔ 
 

شیئر: