Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'چاند دیکھنے کے لیے سائنس وٹیکنالوجی کی کمیٹی کا اعلان'

پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ رمضان اور عید کے چاند دیکھنے کا جھگڑا نمٹانے کے لیے ٹیکنالوجی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔  
 سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 'آگے کا سفر مولانا حضرات نے نہیں بلکہ نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کے ذریعے کرنا ہے ۔ '
دوسری جانب مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کراچی میں رمضان کا چاند دیکھنے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ وفاقی وزیر کو دینی معاملات میں نہیں بولنا چاہیے ۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ 'وزارت میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کی ہے جس میں سپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اگلے دس سال کےلیے عیدین، محرم اور رمضان سمیت دیگر اہم قمری دنوں کی تاریخ کا کیلنڈر جاری کرے گی۔ اس سے ہر سال پیدا ہونے والا تنازع ختم ہو گا۔'
وفاقی وزیر کے اس اعلان پر ردعمل جاننے کے لیے اردو نیوز نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان سے رابطہ کیا تاہم فون وصول کرنے والے ان کے سیکرٹری نے کہا کہ 'مفتی صاحب کی جانب سے اس اعلان پر نوکمنٹس۔'  انہوں نے مفتی منیب سے بات کرانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ 'جس وزیر نے اعلان کیا ہے اسی سے پوچھا جائے۔'
سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیرسے سوشل میڈیا پر پوچھا گیا ہے کہ کیا مولانا حضرات اس کو تسلیم کرلیں گے جس پر ان کا جواب تھا 'یہ فیصلہ کہ ملک کیسے چلنا ہے مولانا پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اس رو سے پاکستان کا قیام ہی عمل میں نہ آتا کیونکہ تمام بڑے علما تو پاکستان کے قیام کے مخالف تھے۔'
فواد چوھری کے جواب کے مطابق' آگے کا سفر مولویوں نے نہیں نوجوانوں نے کرنا ہے اور ٹیکنالوجی ہی قوم کو آگے لے جا سکتی ہے۔'
اردو نیوز نے وفاقی وزیر کے اعلان پر ردعمل جاننے کے لیے رویت ہلال کمیٹی میں شامل دیوبندی مکتب فکر سے تعلق رکھنے عالم دین قاری حنیف جالندھری سے رابطہ کیا تاہم ان کی جانب سے جواب موصول نہ ہو سکا ۔ 
وفاقی وزیر کا اپنے ویڈیو پیغام میں مزید کہنا تھا کہ 'جب جدید ذرائع موجود ہیں اور ہم ایک حتمی تاریخ کا تعین کر سکتے ہیں تو پھر یہ سوال ہے کہ ہم سائنس کے جدید ذرائع کو استعمال کیوں نہ کریں۔ '
انہوں نے کہا  کہ ملک میں چاند دیکھنے کے لیے قائم رویت ہلال کمیٹی خود بھی دوربین سے دیکھ رہی ہوتی ہے ۔ 'جب دوربین کی پرانی ٹیکنالوجی سے ہی دیکھنا ہے تو پھر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں کیا حرج ہے۔ '
 وفاقی وزیر کے مطابق تشکیل دی گئی کمیٹی اسی ہفتے سے کام شروع کر دے گی ۔'ہم یہ کیلنڈر بنا کر کابینہ کے سامنے رکھیں گے ۔ کابینہ کی مرضی ہے کہ وہ اس کیلنڈر کو پاکستان کے لیے منظور یا مسترد کرے۔'
کراچی میں   رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے قبل چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے مقامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فواد چودھری رویت ہلال کے نظام سے نابلد ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق مفتی منیب الرحمان  کا کہنا تھا کہ کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات میں ہوتا ہے۔ ’فواد چوھری اگر چاہیں تو سو سال کا بھی کلینڈر بنا کر دے دیں گے۔‘ 

شیئر: