Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کی منگنی، 'یہ سب بہت رومانوی تھا'

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ وہ اپنے پارٹنر کی جانب سے شادی کی پیش کش پر حیران تھیں۔
منگنی کے بعد پیر کو اپنی پہلی نیوز بریفینگ کے وقت جیسنڈا آرڈرن نے بتایا کہ ان کو معلوم نہیں کہ شادی کب ہوگی لیکن انہیں اپنے پارٹنر کی طرف سے شادی کی پیش کش کیے جانے پر حیرانی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الحال انہوں نے شادی کی منصوبہ بندی نہیں کی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جیسنڈا نے مزید بتایا کہ ان کے پارٹنر نے انہیں ’ہاکس بے‘ کی ’موکو تاہل‘ پہاڑی کے ایک خوبصورت مقام پر شادی کی پیش کش کی، اس موقعے پر ان کے سفارتی، سکیورٹی اہلکار، کچھ مقامی لوگ اور ان کی چاکلیٹ چرانے والا ایک کتا بھی وہاں موجود تھا۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’یہ سب کچھ بہت رومانوی تھا۔‘
 جیسنڈا کے مطابق ان کی منگنی کی انگوٹھی ان کے منگیتر کلارک فورڈ کی دادی کی ہے۔

خیال رہے کہ جیسنڈا کی منگنی کی خبر اس وقت منظر عام پر آئی جب صحافیوں نے جمعے کے روز ایک تقریب کے دوران ان کی درمیانی انگلی میں انگوٹھی دیکھی۔
وزیر اعظم جیسنڈا نے کہا کہ انہوں نے اپنی منگنی کی خبر کسی سے چھپانے کی کوشش نہیں کی، لیکن یہ انگوٹھی ان کے ہاتھ کی چوتھی انگلی میں پوری نہیں آرہی تھی اس لیے انہوں نے درمیانی انگلی میں پہن لی۔
عالمی رہنماؤں کے لیے عہدے پر ہوتے ہوئے شادی کرنا عام روایت نہیں ہے۔
گزشتہ سال وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے حمل کو بھی خواتین رہنماؤں کے لیے ترقی کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔

خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد دنیا کی دوسری وزیراعظم ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں بچے کو جنم دیا۔
ان کے 41 سالہ منگیتر ٹیلی ویژن شو کے میزبان ہیں، وہ ان کی دس ماہ کی بیٹی نیو تے اروہا کا خیال رکھتے ہیں جبکہ 38 برس کی جیسنڈا آرڈرن ملک چلا رہی ہیں۔

شیئر: