Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ: ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کا امکان موجود ہے

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتا۔ تصویر اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پرمعاہدے کا امکان موجود ہے۔
پیر کے روز ٹوکیو میں جاپان کے وزیراعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا ’مجھے یقین ہے کہ ایران ایک معاہدہ کرنا چاہے گا اور یہ اس کی سمجھ داری کا ثبوت ہوگا اور میرے خیال میں ایسا ہونے کا امکان ہے۔‘
انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ قیادت کے ساتھ ایران کے پاس ایک عظیم ملک بننے کا ایک موقع موجود ہے۔


امریکی صدر اور جاپان کے وزیراعظم مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو، اے ایف پی)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا ’ میں اس بات کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایران میں اقتدار کی تبدیلی نہیں چاہتے، ہم چاہتے ہیں کہ کوئی جوہری ہتھیار نہ ہو۔‘
رواں ماہ خلیج میں متحدہ عرب امارات کے ساحل کے پاس تیل کے ٹینکروں پر حملے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔  
امریکہ نے ایران پر اس حملے کا الزام لگایا تھا تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان سنیچر کو دیے گئے ان کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے تفصیلات بتائے بغیرکہا تھا کہ ایران کی جانب سے خطرات کے بارے میں امریکہ کے پاس سنجیدہ انٹیلیجنس موجود ہے۔


جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے (فوٹو، اے ایف پی)

اس موقع پر جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے کہا کہ ایران کے معاملے پر جتنا ہوسکا اتنا کریں گے۔ انہوں نے کہا’ مشرق وسطیٰ کا امن اور استحکام جاپان، امریکہ اور بین الاقوامی برادری کے لیے اہم ہے۔‘
گذشتہ برس امریکہ ایران کے ساتھ 2015 میں کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا۔ جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد امریکہ نے ایران پر سخت معاشی پابندیاں لگا ئی ہیں۔ خیال رہے امریکی پابندیوں سے پہلے جاپان ایران کے خام تیل کا سب سے بڑا خریدار تھا۔

شیئر: