Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرچم اور قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے والوں کو رعایت نہیں دی جائے گی‘

وزیراعظم نے قبائلی عوام کے 120 ارب روپے کی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا ہے
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ قومی پرچم کی توہین کرنے، ملکی تشخص، وقار اور قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑی واضح زیرو ٹالیرنس اپنائی جائے گی۔
ان کے مطابق کابینہ کی جانب سے وزیرستان چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
فردوس عاشق اعوان منگل کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کر رہی تھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی عوام نے پاکستان میں امن و استحکام کے لیے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ تاہم کچھ عناصر نے اپنی کارروائیوں سے قبائلی علاقوں کے امن و خوشحالی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے قبائلی عوام کے لیے120 ارب روپے کی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کابینہ نے ان مٹھی بھر عسکریت پسند عناصر کے حملوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں اور پورا پاکستان قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ رہیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی
فردوس عاشق اعوان نے آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی

یاد رہے دو روز قبل وزیرستان میں ایک احتجاج کے دوران پی ٹی ایم اور فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کے لیے حکومت نے موجودہ قوانین کا جائزہ لینے اور مجرموں کو سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بچوں کے جنسی تشدد اور استحصال کی روک تھام کے لیے وزارت برائے ہیومن رائٹس، قانون، اور داخلہ کو ہدایت کی ہے۔
ان کے مطابق وزیراعظم نے تجویز دی ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے مرتکب افراد کو پھانسی کی سزا دینی چاہیے، تاہم اس کا فیصلہ کابینہ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کابینہ کو ہدایت کی کہ موجودہ قوانین کا جائزہ لے کر بچوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے لوگوں میں آگہی پھیلانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کو کہا۔ 

شیئر: