افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلققات میں نیا باب شروع کرنے کے لیے 27 جون کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اشرف غنی نے عیدالفطر کے مبارکباد کے پیغام میں پاکستان کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب میں منعقدہ او آئی سی اجلاس کے موقعے پر ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے پاکستان کے دورے کی ہامی بھری تھی۔
اشرف غنی نے آئندہ دورے کے حوالے سے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ’یہ مثبت دورہ ہوگا۔‘
افغان صدر نے مزید کہا ہے کہ وہ ہمسایہ ملک پاکستان کا دورہ اس کے ساتھ موجودہ تعلقات کو ٹھیک کرنے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا نیا باب شروع کرنے کی غرض سے کریں گے۔ اشرف غنی کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے درمیان بے اعتمادی اور الزام تراشی پر مبنی تعلقات کو بھی ٹھیک کرنا ہے۔