Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مجھے تم سے لیموں جتنی محبت ہے‘ مصر میں لیموں ناپید

مصر میں لیموں کا استعمال بہت زیادہ ہے۔ لیموں سے اس قوم کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مصر میں نوجوان لڑکے، لڑکیوں سے کہا کرتے ہیں کہ ’مجھے تم سے لیموں جتنا پیار ہے۔‘
مگر اب مصر میں غیر معمولی طور پر لیموں کا بحران پیدا ہوگیا ہے اور مقامی مارکیٹ میں لیموں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے۔
لیموں کا ایک تھیلا جو عام طور پر 30، 40 پاؤنڈ میں فروخت ہوتا تھا، اب ایک سو پاؤنڈ میں ملنے لگا ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا ہے کہ لیموں کی قیمت کا سن کر لگا کہ میری جیب کو نچوڑا جا رہا ہے۔ 
ٹوئٹر پر مصری صارفین نے لیموں کے بحران پر تبصرے کرتے ہوئے لطیفہ بازی شروع کی ہے۔ ایک صارف نے لیموں کے بحران سے تاجروں کی چاندی کا تاثر دینے کے لئے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں مقامی لباس میں ملبوس ایک تاجر مہنگا کتا لے کر جا رہا ہے۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ’لیموں کے تاجروں کا آج کل یہ حال ہے،‘


مصر میں یہ بات مشہور ہے کہ لیموں کا جوس اعصاب کو ٹھنڈا رکھتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

مصری وزارت زراعت کے تحت کام کرنے والے ریسرچ سینٹر کے سربراہ محمد عبد السلام نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’لیموں کے بحران پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس بحران کی وجہ خراب موسم تھا جس کی وجہ سے اچھی فصل نہ ہوسکی۔‘
عبد العزیز نامی ایک صارف نے جوابی ٹویٹ میں کہا ’لیموں کے بحران کی وجہ خراب موسم نہیں بلکہ غیر ملکی کرنسی کمانے کے لئے بڑی مقدار میں لیموں کی برآمدات ہیں۔‘
مصر میں یہ بات مشہور ہے کہ لیموں کا جوس اعصاب کو ٹھنڈا رکھتا ہے۔ اس تناظر میں تبصرہ کرتے ہوئے احمد نامی صارف نے لکھا ’لیموں اعصاب کو ٹھنڈا نہیں کرتا بلکہ رقم اعصاب کو ٹھنڈا رکھتی ہے، جس کے پاس اکاؤنٹ میں رقم ہو اسے کیا ٹینشن ہے۔‘
ندی نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایک خاتون نے لکھا ہے کہ ’مصری قوم کو ایک سو والا لیموں مبارک ہو، بہت جلد ایک ہزار پاؤنڈ والے دال دلیہ بھی دستیاب ہوں گے، پھر کہنا اخوان حکومت کی جنت سے صدر سیسی کا لیموں بہتر ہے۔‘
ایک منچلے نے پولیس کے تفتیشی افسر کی تصویر شیئر کی جو ملزم کی پٹائی کر رہا ہے۔ اس تصویر پر لکھا گیا ہے کہ ’سچ سچ بتاؤ، لیموں خریدنے کے لئے پیسے کہاں سے لائے تھے۔‘

شیئر: