Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایتھوپیا میں بغاوت کی کوشش ’ناکام‘ مگر آرمی چیف قتل

وزیراعظم آبی احمد کے مطابق بغاوت کی یہ کوشش آئین کی خلاف ورزی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
افریقی ملک ایتھوپیا کے ریاستی میڈیا کے مطابق حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش میں ملک کے آرمی چیف سیار میکونین کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
ایتھوپیا کے فوجی سربراہ پر ان کے آفس میں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ان کے مشیر بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ ایتھوپیا کی امہارا ریاست میں بغاوت کی ناکام کوشش کی گئی ہے جس کے بعد ایتھوپیا میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد کے دفتر سے ایک بیان جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے ’بغاوت کی یہ کوشش ریاست امہارا کے آئین کی خلاف ورزی ہے اور بغاوت اس ارادے سے کی گئی ہے کہ علاقے میں مشکل سے لائے گئے امن کو نقصان پہنچایا جائے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے ایتھوپیا کے تمام شہریوں کو اس غیر آئینی کوشش کی مذمت کرنی چاہیے۔ 
ایتھوپیا کے وزیراعظم کے ترجمان نے کہا تھا کہ بغاوت کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق امہارا ریاست کے سربراہ کو حکومت سے ہٹانے کے لیے بغاوت کی کوشش کی گئ۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کون امن و امان کی اس خراب صورتحال کے پیچھے ہے، ابھی تک کسی گروہ نے اس صورتحال کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

شیئر: