Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابہا ائیرپورٹ پر حوثیوں کا پھر حملہ ،آٹھ سعودی اور ایک انڈین زخمی 

ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ہے
سعودی عرب میں ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر منگل اور پیر کی درمیانی شب حوثیوں کے ڈرون حملے سے ایک انڈین اور آٹھ سعودی زخمی ہو گئے۔
عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرون حملہ منگل کی شب 12 بج کر35 منٹ پر کیا گیا۔
ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ہے۔ یہاں سے روزانہ مختلف ممالک کے ہزاروں شہری سفر کرتے ہیں۔ 
کرنل المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کے حملے میں زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر ہے ۔ان کا علاج سپیشلسٹ ہسپتالوں میں ہو رہا ہے۔
المالکی نے بتایا کہ ابہا انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے پروازوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئی۔ سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا ہے۔

کرنل المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کے حملے میں زخمیوں کی حالت خطرہ سے باہر ہے

عرب اتحاد کے ترجمان نے توجہ دلائی کہ ’حوثی شہریوں اور سول تنصیبات پر حملے کرکے غیر اخلاقی حرکت کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی قانون کے بموجب شہریوں اور ان کی تنصیبات پر حملے منع ہیں۔‘
المالکی نے بتایا کہ حوثیوں نے ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے ۔ انہوں نے اپنے ذرائع ابلاغ کو یہ خبر جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابہا ائیرپورٹ پر حملہ کامیاب رہا۔
المالکی کا کہنا ہے کہ ’اس قسم کے دہشت گردانہ حملے اور ترقی یافتہ استعداد کا اظہار ثابت کر رہا ہے کہ ایرانی نظام حوثی دہشت گردوں کی مدد میں ملوث ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں خصوصاً 2216اور2231کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔‘
یاد رہے کہ حوثیوں نے پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجکر سات منٹ پر صنعا سے سعودی عرب پر حملے کے لیے ڈرون روانہ کیا تھا۔ اسے یمن کی فضائی حدود میں ہی تباہ کردیا گیا۔
اس سے قبل  اتوار کو ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے عسیر میں آبادی پرحملے کے لیے دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون بھیجا تھا اسے بھی اتحادی افواج نے ہدف پر پہنچے سے قبل ہی اڑا دیا تھا۔

شیئر: