Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن مقدمات:پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کی منظوری

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے پروڈکشن آرڈر قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر تفصیل سے غور کیاگیا اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ وزیر کو ہدایت کی ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے قوانین کا جائزہ لیا جائے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر اور پوری دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ مجرم کو سہولتیں دی جائیں۔
 جیلیں مجرموں کے لئے ہیں۔ جیلیں جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو نشان عبرت بنانے کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ بدقسمتی سے جو لوگ پاکستان میں منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اورجو لوگ اس قوم کے اثاثوں کو لوٹ کر ملک کی بدترین مالی بدحالی کے ذمہ دار رہے۔ انہیں جیلوں میں اے کلاس ملتی ہے۔انہیں پروڈکشن آرڈر ملتے ہیں۔ جیلوں میں اے کلاس اور پروڈکشن آرڈر کے قانون کو ری ایڈرس کرنے کی ضرورت ہے۔ پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے ترجیحات طے کرنی ہیں۔وہ لوگ جو پروڈکشن آرڈر لے کر پارلیمنٹ آئے تاکہ بجٹ پر بحث میں حصہ لے سکیں پوری قوم نے دیکھا یہ پارلیمنٹ کی راہداریوں میں خوش گپیوں میں مصروف تھے۔بجٹ میں ان کا حصہ برائے نام رہا۔
 ریڈیو پاکستان کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے بتایاکہ کابینہ نے کالے دھن کی روک تھام کیلئے 40 ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز منسوخ کرنے کی منظوری دی۔ پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 نئے وژن اور سوچ کے تحت پاکستان اسٹیل ملز کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ا سٹیل ملز ایک قومی اثاثہ ہے۔ اسے سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک عمل کی بنیاد پر چلایا جائے گا۔
معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ اشتراک عمل قائم کرنا وزیراعظم کا وژن ہے۔ وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے تمام ایئرپورٹس پر کاونٹر قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
 وزیراعظم نے حج 2019ءکو ا سکینڈل سے پاک بنانے اور عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان خود پہلی حج پرواز کو رخصت کرینگے۔پاکستانی عازمین حج پہلی مرتبہ حجاز مقدس کے سفر کے لئے امیگریشن کی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کسی پریشانی کے بغیر اسلام آباد کے ہوائی اڈے سے روانہ ہونگے۔
 

شیئر: