Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مکہ روٹ‘ پروگرام کے تحت پاکستانی عازمین حج کی پہلی پرواز کی مدینہ آمد

’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کی وجہ سے عازمین حج کو ایئر پورٹ پر انتظار کی زحمت نہیں ہوگی۔
حج 2019 کا آغاز ہو گیا اور رواں سال پاکستان سے 21 ہزار 831 عازمین حج 72 مختلف پروازوں کے ذریعے ’مکہ روٹ‘ پروگرام کے تحت اسلام آباد سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچیں گے۔
سعودی حکومت کی جانب سے امسال بیرون ملک امیگریشن کی سہولت پاکستان کو بھی فراہم کی گئی ہے جس کے تحت سعودیہ ایئر لائن کی پہلی حج پرواز 367 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچی جہاں ان کا استقبال پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی بھی موجود تھے۔
مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ’مکہ روٹ‘ پروگرام کے تحت آنے والے عازمین کا کہنا تھا کہ امیگریشن کی سہولت اسلام آباد ایئر پورٹ پر ہی فراہم کی گئی جس سے کافی آسانی ہوئی۔ عازمین نے کہا کہ مدینہ منورہ پہنچنے پر ان کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے آنے والے عازمین حج کا استقبال کرتے ہوئے انہیں شہر مقدس میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سعودی محکمہ امیگریشن کے افسران اور سعودی وزارت حج  کے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے جنہوں نے عازمین کو تحائف بھی پیش کیے۔
پاکستان کے سفیر نے راجہ علی اعجاز نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عازمین کا استقبال کر کے خوشی ہوئی۔ حجاج کرام کی جانب سے جس اطمینان کا اظہار کیا گیا وہ بھی خوش آئند ہے۔ امسال حج میں سب سے اہم بات ’مکہ روٹ‘ پروگرام کی ہے جس میں پہلی بار پاکستان کو شامل کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مکہ روٹ‘ کی جو سہولت سعودی اتھارٹیز نے فراہم کی ہے وہ بہترین ہے اور پاکستانی عازمین کو کافی فائدہ ہوگا۔ ’کسٹم کے معاملات بھی سعودی حکام کی جانب سے نمٹا دیے گئے ہیں۔ عازمین کا سامان بھی انہیں ان کی رہائش پر ہی فراہم کر دیا جائے گا۔‘

سعودیہ ایئر لائن کی پہلی حج پرواز 367 عازمین کو لے کر اسلام آباد سے براہ راست مدینہ منورہ پہنچی.

ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے  ہوئے کہا کہ رواں سال ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کی وجہ سے عازمین حج کو ائیر پورٹ پر انتظار کی زحمت نہیں ہوگی۔ ’اگر کسی قسم کی پریشانی ہو تو ذمہ داران سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ عازمین حج اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ شہر مقدس میں ہیں اور اس شہر کے تقاضوں کو ہمیشہ مدنظر رکھیں۔‘
پاکستان سے آنے والے عازمین کا کہنا تھا کہ  ’مکہ روٹ‘ پروگرام کے بارے میں انہیں اگرچہ بتایا گیا تھا مگر جب عملی طور پر اس تجربے سے گزرے تو اندازہ ہوا کہ اس کے کتنے فوائد ہیں۔ عازمین نے بتایا کہ امیگریشن اور کسٹم کے مراحل پاکستان میں ہی نمٹا دیئے گئے جس سے یہ سہولت ہوئی کہ جب ہم مدینہ منورہ کے ائیر پورٹ پر پہنچے تو براہ راست بسوں میں سوار کرا دیا گیا۔ 
دریں اثنا اسلام آباد سے دوسری پرواز جدہ کے حج ٹرمنل پر چار جولائی کی شام کو پہنچی جس کا استقبال ڈائریکٹر حج امتیاز حسین شاہ نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان سے مجموعی طور پر 2 لاکھ عازمین حج ارض مقدس  پہنچیں گے جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 316 سرکاری حج اسکیم کے تحت جبکہ باقی پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے۔
عازمین کی رہائش کے حوالے سے ڈائریکٹر حج کا کہنا تھا کہ تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں خدام الحجاج اور دیگر عملے نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں جبکہ عازمین کی بہتر صحت کی دیکھ بھال کیلئے طبی عملہ بھی پہنچ چکا ہے۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ اور حج کی جانب سے عازمین حج کے لیے "مکہ روٹ" پروگرام  پروگرام کا آغاز تین برس قبل کیا گیا تھا۔ تجرباتی طور پر سب سے پہلے ملائشیا کے عازمین کو یہ سہولت فراہم کی گئی۔ بعدازاں انڈونیشیا کے عازمین مستفیض ہوئے اور امسال پاکستان، بنگلہ دیش اور تیونس سے عازمین کی محدود تعداد کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔
 

شیئر: