Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بنگلہ دیش سےجیتنے کی کوشش کرینگے، سرفراز احمد

ورلڈ کپ کے لیگ میچوں کے آخری مقابلے سے قبل پریس کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف 500رنز کرنا آسان نہیں مگر کوشش کرسکتے ہیں کہ کسی طرح نیوزی لینڈ کو باہر رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں  رسائی حاصل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہونے کو کچھ بھی ہو سکتا ہے۔پہلے تو میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران کپتان سرفراز احمد افسردہ نظر آرہے تھے، ان کا کہنا تھاکہ جانتے ہیں اتنے بڑے مارجن سے میچ جیتنا مشکل ہے ۔
پاکستان جمعہ 5جولائی کو لارڈ ز کے تاریخی گراونڈ پر بنگلہ دیش کو بڑے واضح فرق سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پرفارمنس اچھی نہیں رہی جس کے باعث شروع سے ہی رن ریٹ خراب ہوگیا جبکہ آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا۔جنوبی افریقہ ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے کم مارجن کی فتح بھی ٹیم کا رن ریٹ نہیں بڑھا سکی جس کے باعث آخر میں ان حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک سوال پر کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اسکور مکمل کرنے کے اس فارمیٹ کے بارے کچھ نہیں کہہ سکتے، کچھ سوچ سمجھ کر ہی بنایا گیا ہوگا جو پہلے ہی بتادیا گیا تھا تاہم ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ اپنی کپتانی کے بارے میں سوال پر تبصرہ کرتے ہوئے کپتان نے کہا کہ اس کا فیصلہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ہی کرے گا میں اس بارے میں کوئی بات نہیں کر سکتا۔

بنگلہ دیش کے کوچ کا عزم

اس موقع پر بنگلہ دیش ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیو رہوڈز نے کہا کہ یہ نہیں بتاسکتا کہ ٹاس جیت کر کیا کریں گے، صرف میچ جیتنا ہدف ہے۔ کوچ نے کہا کہ پاکستان کو شکست دے کر اچھی یادوں کے ساتھ جانا چاہتے ہیں ۔اسٹیو رہوڈز نے کہا کہ دونوں ٹیموں کی خواہش ہے آخری میچ جیت کر گھر جائیں۔ پاکستان ٹیم کے پاس سیمی فائنل کے چانس کوسامنے رکھتے ہوئے کھیلیں گے۔
 

شیئر: