Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیا تحفہ دیں گے؟

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے موقع پر ان کو ایک منفرد تحفہ پیش کریں گے۔
یہ تحفہ اونٹ کے چمڑے سے بنے ہوئے گلدان کا ہے، صدیوں سے چلتے آئے اس فن کو ’نقاش‘ کہا جاتا ہے، جنوبی ایشیا میں پہلے دھاتوں پر کندہ کاری ہوتی تھی تاہم صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایک خاندان نے اس میں خاص مہارت حاصل کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس فن مہارت کو اس خاندان کے ایک فرد مالک محمد عبدالرحمان نے زندہ رکھا ہوا ہے، وہ کندہ کاری اونٹ کے چمڑے پر کرتے ہیں۔
ان کے فن کے نمونے پاکستان کی حکومت نے اہم شخصیات کو تحفہ کے طور پر پیش کیے ہیں جن میں امریکہ کی سابق خاتون اول، ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور قطر کے امیر شامل ہیں۔

سعودی عرب کے ولی عہد کو بھی اونٹ کے چمڑے سے بنا ہوا گلدان پیش کیا گیا تھا (فوٹو:عرب نیوز)

محمد عبدالرحمان کہتے ہیں ’ماضی میں میرے اور میرے خاندان کے  ہاتھوں کے بنے ہوئے اونٹ کے چمڑے کے گلدان پاکستان کی حکومتوں نے اہم شخصیات کو پیش کیے۔‘
ان کے مطابق ان گلدانوں کے لیے ان کوایک نیا خیال آیاکہ ان پر اہم شخصیت کی تصویر کندہ کی جائے۔
گلدانوں کی کندہ کاری کا یہ فن اب دو مختلف شہروں کے آرٹسٹ کرتے ہیں۔ عبدالرحمان روائتی گلدان بناکر اس کے درمیان مرکزی جگہ خالی چھوڑ دیتے ہیں، بعد میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ حنیف اللہ خان اس میں شخصیات کی تصاویر پینٹ کرتے ہیں۔
حنیف اللہ خان تصاویر پینٹ کرنے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔
اونٹ کے چمڑے سے بنے خوبصورت گلدان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مسکراتی تصویر بنائی گئی ہے۔
حنیف الرحمان کہتے ہیں کہ ان کا مقابلہ محمد عبدالرحمان سے نہیں اور گلدان کا کریڈٹ ان ہی کو دیتے ہیں۔

عبدالرحمان نے سابق امریکی صدر کی اہلیہ ہیلری کلنٹن کو بھی یہ خصوصی گلدان پیش کیا تھا (فوٹو:عرب نیوز)

حنیف الرحمان کا کہنا ہے کہ گلدان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ملتان میں دوسرے فنکار نے بنائی ہے کیونکہ جنوبی پنجاب کا درجہ حرارت اونٹ کے چمڑے سے بنے گلدان کے لیے موزوں ہے۔
محمد عبدالرحمان کے والد کے فن کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت نے انہیں پرائیڈ آف پرفامنس کا ایوارڈ بھی دیا تھا۔
محمد عبدالرحمان نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فن کا یہ کام نو صدیوں سے ان کے خاندان میں نسل در نسل چلا آرہا ہے اور اونٹ کے چمڑے پر کندہ کاری کا یہ کام سب سے پہلے ان کے خاندان نے شروع کیا۔‘

شیئر: