Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہائے ڈیڈی‘: کیا دیپکا ماں بننے والی ہیں؟

دیپکا اور رنویر کی جوڑی بالی وڈ میں بہت مشہور ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کی دلکش جوڑی دپیکا پادوکون اور رنویر سنگھ سوشل میڈیا پر ایک بار پھر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ لیکن اس بار نہ تو ان کی کسی فلم پر بات ہو رہی ہے اور نہ ہی اس پیار پر جس کا اظہار وہ ایک دوسرے کے لیے عموماً سوشل میڈیا پر کرتے رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین انسٹاگرام پر اس جوڑے کی ایک حالیہ لائیو چیٹ کی بنیاد پر ایک ہی سوال کر رہے ہیں کہ کیا دیپکا ماں بننے والی ہیں؟
ہوا کچھ یوں کہ چند روز قبل رنویر سنگھ نے انسٹاگرام پر اپنے فینز کے ساتھ بات چیت کے لیے لائیو چیٹ سیشن شروع کیا تاہم اس میں صرف ان کے فینز نے ہی حصہ نہیں لیا بلکہ ان کی بیگم دیپکا نے بھی کومنٹ کر ڈالا۔

دیپکا نے ایک کومنٹ کیا کیا، ساری بحث کا رخ ہی بدل گیا۔ اداکارہ نے لکھا ’ہائے ڈیڈی‘ اور ساتھ ہی ساتھ دل اور بچے کی ایموجیز بھی بنا ڈالیں۔ رنویر نے تو ان کو صرف ’ہائے بے بی‘ لکھ کر جواب دیا مگر اس موقعے کو غنیمت جانتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے دوستوں کی ٹرولنگ کے لیے مشہور بالی وڈ اداکار ارجن کپور نے انٹری ماری اور رنویر کے فینز کے لیے لکھا کہ ’بابا اور بھابھی آپ کو ایک (بچہ) دینے والے ہیں۔‘
بس پھر کیا تھا، دیپکا، رنویر اور ارجن کی اس چیٹ کے نہ صرف سکرین شارٹ وائرل ہو گئے بلکہ صارفین نے اس سے یہ نتیجہ بھی اخذ کرنا شروع کر دیا کہ ’دیپکا حاملہ ہیں‘ اور بالی وڈ کی اس جوڑی کے گھر بچہ پیدا ہونے والا ہے۔

ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا ’دیپکا حاملہ ہیں‘، دوسرے نے جواب دیا ’ہاں ارجن کپور نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔‘ کچھ نے کہا ’او میرے خدایا، یہ بہت اچھا ہوگا‘ اور ساتھ بچے والی ایموجی بھی شیئر کی۔
خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں فلمی دنیا کے مشہور فیسٹیول ’کینز‘ میں دیپکا کی شرکت کے موقعے پر بھی اداکارہ کے حاملہ ہونے کی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں نے جوڑی نے اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا۔
رنویر اور دیپکا کی شادی گذشتہ برس اٹلی میں ہوئی تھی جس کی تصاویر کئی روز تک سوشل میڈیا پر وائرل رہیں۔

دیپکا اور رنویر کی شادی گذشتہ برس نومبر میں ہوئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

بالی وڈ سٹارز کی یہ جوڑی مشہور ڈائریکٹر کبیر خان کے سپورٹس ڈرامے ’83 ڈائریز‘ کی شوٹنگ کے لیے آج کل لندن میں موجود ہیں۔ اس ڈرامے میں رنویر انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دیپکا کپل کی بیوی رومی دیو کے طور پر کاسٹ میں شامل ہیں۔
یہ ڈرامہ اپریل 2020 میں ریلیز ہوگا۔

شیئر: