’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ اور ’دی اوڈیسی‘ کا باکس آفس پر ریکارڈ بزنس
’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ اور ’دی اوڈیسی‘ کا باکس آفس پر ریکارڈ بزنس
پیر 10 اگست 2026 13:06
’دی اوڈیسی‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا ہندسہ تقریباً چار ہفتوں میں عبور کیا (فوٹو:یونیورسل پیکچرز)
ہالی ووڈ کی دو بڑی فلموں ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ اور ’دی اوڈیسی‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرلیا ہے، جس کے بعد 2026 کا یہ ماہ ہالی ووڈ کے لیے کامیاب ترین سیزنز میں شامل ہو گیا ہے۔
امریکہ کے جریدے ’انٹرٹینمنٹ ویکلی‘ کے مطابق معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی فلم ’دی اوڈیسی‘ نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالر کا ہندسہ تقریباً چار ہفتوں میں عبور کیا جبکہ ٹام ہالینڈ کی ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے یہ سنگ میل صرف 12 دن میں حاصل کیا۔
ٹام ہالینڈ کی بطور سپائیڈر مین چوتھی فلم نے رواں ہفتے امریکا اور عالمی سطح پر باکس آفس پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے رواں ہفتے امریکا میں 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ عالمی سطح پر 38 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔ رینٹراک کے اعداد و شمار کے مطابق فلم کی عالمی باکس آفس آمدنی ریلیز کے دوسرے ہفتے ہی ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔
دوسری جانب ’دی اوڈیسی‘ کی آمدنی بڑھ کر 1.104 ارب ڈالر ہو گئی۔ فلم نے اس ہفتے کے دوران دنیا بھر میں مزید 11 کروڑ 7 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا میں 3 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کا کاربار کیا۔
دونوں فلموں نے سینما گھروں میں بالترتیب اپنے دوسرے اور چوتھے ویک اینڈ پر دنیا بھر سے مجموعی طور پر 49 کروڑ 17 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔
دونوں فلموں کی شاندار کارکردگی نے 2026 کے امریکی باکس آفس کو بھی نئی بلندی تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے امریکا میں تین دن کے دوران فلموں نے مجموعی طور پر 20 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کمائے، جو پچھلے سال اسی ویک اینڈ کے مقابلے میں 51 فیصد زیادہ ہے۔
پچھلے برس اسی عرصے میں ’دی فینٹاسٹک فور: فرسٹ سٹیپس‘، ’دی نیکڈ گن‘ اور ’سپرمین‘ سمیت کئی بڑی فلمیں شائقین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سینما گھروں میں زیر نمائش تھیں۔
رواں سال اب تک امریکا میں فلموں کی مجموعی باکس آفس آمدنی 6.608 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
رواں سال اب تک امریکا میں فلموں کی مجموعی باکس آفس آمدنی 6.608 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جو گزشتہ سال اسی تاریخ تک حاصل ہونے والی آمدنی سے 18.5 فیصد زیادہ ہے۔
رواں سمر سیزن میں امریکا کے سینما گھروں سے اب تک 3.985 ارب ڈالر حاصل ہو چکے ہیں، جو 2019 میں اسی عرصے کے مقابلے میں 4.4 فیصد زیادہ ہیں۔
بڑی فلموں کی بھرپور مقبولیت کے باوجود آزاد اور آرٹ ہاؤس فلمیں بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔
اے 24 کی انتھونی بورڈین کی زندگی پر مبنی فلم ’ٹونی‘ نے نیویارک اور لاس اینجلس کے صرف 6 سینما گھروں میں ریلیز کے باوجود 3 لاکھ 48 ہزار 955 ڈالر کا بزنس کیا۔
فلم میں ڈومینک سیزا نے معروف شیف انتھونی بورڈین کا کردار ادا کیا ہے
’ٹونی‘ نے فی سینما اوسطاً 58 ہزار 166 ڈالر حاصل کیے، جو رواں سال محدود پیمانے پر ریلیز ہونے والی فلموں میں اب تک کی بہترین اوسط ہے۔
جین شوئن برن کی فلم ’ٹین ایج سیکس اینڈ ڈیتھ ایٹ کیمپ میازما‘ نے بھی صرف 5 سینما گھروں سے 2 لاکھ 51 ہزار 500 ڈالر کا کاروبار کیا۔
آنے والے ویک اینڈ پر ’دی اوڈیسی‘ اور ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کی کامیابی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔(فوٹو:اے ایف پی)
فلمی نقاد کینٹ جونز کی ہدایت کاری میں بننے والی ’لیٹ فیم‘ نے نیویارک کے صرف دو سینما گھروں میں تین روز کے دوران 38 ہزار ڈالر کمائے۔
اسی طرح بڑی فرنچائز فلموں کے علاوہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی فلم ’ون نائٹ ونلی‘ رہی۔
کالم ٹرنر اور مونیکا باربارو کی اداکاری سے سجی ڈسٹوپین رومانوی کامیڈی فلم ’ون نائٹ aونلی‘ نے امریکا میں 57 لاکھ ڈالر کا بزنس کرتے ہوئے باکس آفس پر تیسری پوزیشن حاصل کی اس کا بجٹ 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔
آنے والے ویک اینڈ پر ’دی اوڈیسی‘ اور ’سپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کی کامیابی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، تاہم این ہیتھ وے اور ایون میک گریگر کی سائنس فکشن فلم ’دی اینڈ آف اوک اسٹریٹ‘ بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
فلم کی ہدایت کاری ’اٹ فالووز‘ کے ہدایت کار ڈیوڈ رابرٹ مچل نے کی ہے۔
’دی اینڈ آف اوک سٹریٹ‘ این ہیتھ وے کی رواں سال ریلیز ہونے والی پانچ فلموں میں چوتھی فلم ہے۔ اس سے قبل وہ ’مدر میری‘، ’دی ڈیول ویرز پراڈا 2‘ اور ’دی اوڈیسی‘ میں اداکاری کرچکی ہیں، جبکہ ان کی پانچویں فلم ’ویریٹی‘ ہوگی، جو کولین ہوور کے ناول سے ماخوذ ہے۔