Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی 57 فیصد خواتین نجی شعبے میں

نجی شعبے سے وابستہ 33 فیصد اماراتی خواتین اعلی عہدوں پر فائز ہیں
اماراتی وزارت انسانی وسائل نے کہا ہے کہ 57.3 فیصد ملازمت پیشہ اماراتی خواتین نجی شعبے سے وابستہ ہیں۔ ان میں سے 33 فیصد اعلی عہدوں پر فائز ہیں۔ 
مقامی اخبار الامارات الیوم کے مطابق وزارت انسانی وسائل میں شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈاکٹر عمر النعیمی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ کمپنیوں میں کام کرنے والی اماراتی خواتین انتہائی اہم شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ خواتین اہم معاشی شعبوں کے علاوہ بینکنگ، سیاحت، تعلیم، صحت اور تجارتی شعبوں میں اپنی صلاحیتیں منوا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے معاشرے کا نصف حصہ جو خواتین پر مشتمل ہے، اب گھروں تک محدود نہیں رہا۔ وہ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ 

وزارت انسانی وسائل حکومتی اور نجی شعبے میں ایسی اسامیاں پیدا کر رہی ہے جن پر آن لائن کام کیا جاسکتا ہو

ڈاکٹر عمر النعیمی نے کہا کہ اماراتی خواتین کو مختلف شعبوں میں تمام مواقع مہیا کرنے کی حکومتی پالیسی کامیاب ہے۔ اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔ لیبر مارکیٹ میں مرداور خواتین کے درمیان توازن پیدا ہوا ہے۔ 
حکومت کی پالیسی ہے کہ ہر میدان میں اماراتی خواتین کو مواقع فراہم ہوں اور انہیں وہی سہولتیں اور مراعات دی جائیں جو مردوں کو دی جاتی ہیں۔ حکومت نے خواتین کی ملازمت کے لیے سازگار ماحول مہیا کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
ڈاکٹر النعیمی نے کہا کہ حکومت کا آئندہ منصوبہ ان خواتین کے لیے ہے جو گھروں میں بیٹھ کر آن لائن خدمات انجام دینا چاہتی ہیں یا گھریلو حالات انہیں باہر نکلنے کی اجازت نہیں دیتے۔
وزارت انسانی وسائل حکومتی اور نجی شعبے میں ایسی اسامیاں پیدا کر رہی ہے جن پر آن لائن کام کیا جاسکتا ہو۔ ایسی خواتین کو بھی آن لائن کام کرنے کے مواقع دیئے جائیں گے جو دفتروں سے دور یا دوسرے شہروں میں مقیم ہیں اور انہیں ڈیوٹی دینے کے لیے آنے جانے میں دقت ہے۔

شیئر: