Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فاسٹ فوڈ سے کوؤں کا کولیسٹرول بڑھ گیا

شہری کوﺅں میں کولیسٹرول کی مقدار دیہی کوﺅں کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی ۔
 فاسٹ فوڈ کسے نہیں پسند۔ خصوصا بچوں اور نوجوانو ں کی پسندیدہ غذا فرائز اور بر گر ہیں۔ روز ہی انہیں فاسٹ فوڈ کھانے کی خواہش ہوتی ہے لیکن فاسٹ فوڈ کے نقصانات بھی ہیں۔ ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ یہ انسانی صحت کے لیے مفید نہیں۔اب بات انسانی صحت تک نہیں رہی ۔ حالیہ جائزے میں پتہ چلا ہے کہ فاسٹ فوڈ کھانے کے مضر اثرات سے پرندے بھی محفوظ نہیں۔
پرندوں سے متعلق ایک سوال ذہنوں میں یہ ابھرتا ہے کہ کیا شہروں میں بسنے والے کوؤں کا مزاج دیہات کے کوؤں سے مختلف ہوتا ہے۔ آیا شہر کے کوے بچا ہوا کھانا کھانے کے عادی بن جاتے ہیں۔
الشرق الاوسط کے مطابق اس سوال کا جواب امریکہ میں پرندوں سے متعلق تازہ ترین جائزے میں سامنے آیاہے ۔ جائزے کے مطابق عام طور پر شہروں میں رہنے والے پرندے پنیر برگر کھانے لگتے ہیں جس سے دیہات کے پرندوں کے مقابلے میں ان کے خون میں کولیسٹرول کی مقدا ر بڑھ جاتی ہے ۔

شہر کے کوے بچا ہوا کھانا کھانے کے عادی بن جاتے ہیں۔

امریکہ کے ’ہملٹن کالج ‘کے پروفیسر ڈاکٹر اندرےا تاونسنڈ اور انکی ٹیم میں شامل اسکالرز نے کیلیفورنیا کے شہروں اور دیہات کے140کووں کے خون کے نمونے جمع کئے۔ٹیسٹ سے پتہ چلا کہ شہر کے کوﺅں کے خون میں کولیسٹرول کی مقدار دیہات کے کوﺅں کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔
 ماہرین نے انسانی خوراک کے پرندوں پر اثرات کا براہِ راست پتہ لگانے کےلئے نیویارک کے دیہی علاقے کے کوﺅں کو 2گروپوں میں تقسیم کیا ۔ایک میں ان کوﺅں کو رکھا گیا جنہیں میکڈونلڈ کا بچا ہوا پنیربرگر کھانے کو مل رہا تھا جبکہ دوسرے گروپ ان کوﺅں کا تھا جو اپنی خوراک فطری شکل میں حاصل کر رہے تھے۔

پنیر برگر کھانے والے کوﺅں کے خون میں کولیسٹرول کی مقدار  زیادہ پائی گئی  ۔

دونوں گروپوں کے کوﺅں کے خون میں کولیسٹرول کی مقدار کا معائنہ کیا گیا۔ پتہ چلا کہ پنیر برگر کھانے والے کوﺅں کے خون میں کولیسٹرول کی مقدار فطری شکل میں خوراک پر گزارا کرنےوالے کوﺅں کے خون میں پائے جانیوالے کولیسٹرول سے زیادہ ہے ۔
 جائزے میں یہ بھی پتہ لگایا گیا کہ کہ ان میں سے کونسے کوے زیادہ عرصے تک زندہ رہتے ہیں ۔ پتہ چلا کہ دیہاتی کووں کے مقابلے میں شہری کوﺅں کی عمر کم ہوتی ہے ۔یہ تجربہ 3برس تک کیا گیا ۔
 ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ درست ہے کہ شہری کوﺅں کے خون میں کولیسٹرول کی مقدار دیہی کوﺅں کے مقابلے میں زیادہ پائی گئی ۔ یہ بات بھی سچ ہے کہ شہری کوﺅں کی عمردیہی کوﺅں کے مقابلے میں کم پائی گئی تاہم یہ بات وثوق سے نہیں کہی جا سکتی کہ شہری کوﺅں کی کم عمری کا اصل سبب فاسٹ فوڈ کا استعمال ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پرندوں کو جنک فوڈ نہیں کھلانا چاہئے۔اس کے منفی اثرات سامنے آرہے ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق  پرندوں کو جنک فوڈ نہیں کھلانا چاہئے۔اس کے منفی اثرات سامنے آرہے ہیں۔ 

شیئر: