Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیوروں کی اقامہ فیس میں اضافےکی تردید

اقامے کی توسیع پر فیس میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
سعودی گھرانوں میں کام کرنے والے ڈرائیوروں کے حلقوں میں یہ افواہ پھیلی ہوئی تھی کہ یکم محرم 1441ھ مطابق 31 اگست 2019ءسے گھریلو ڈرائیوروں کے نئے اقامے اور توسیع کی فیس بڑھا دی گئی۔ افواہ پھیلانے والوں نے یہ بھی دعویٰ کردیا تھا کہ جتنی فیس عام کارکنان کے اقامے کی ہے اتنی ہی نجی ڈرائیوروں کی بھی کردی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے ان افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ یہ دعویٰ سراسر غلط ہے۔ نجی ڈرائیوروں کے اقامے کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ اقامے کی توسیع پر بھی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

 محکمہ پاسپورٹ نے اقامہ فیس میں اضافے کی افواہوں کا نوٹس لیا ہے

بعض سعودی شہریوں اور نجی ڈرائیوروں نے اس افواہ کی حقیقت دریافت کرنے کیلئے محکمہ پاسپورٹ سے اس کی ویب سائٹ پر بھی استفسارات پیش کردیئے تھے۔
سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ 2017کے مقابلے میں 2018کے دوران سعودی عرب میں نجی ڈرائیوروں کی تعداد میں 7فیصد کمی ہوئی ہے۔ وزارت نے ا س کی وجہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت قرار دیا تھا۔
سعودی میڈیا کے مطابق 65فیصد سعودی خواتین ڈرائیونگ کرسکتی ہیں اگر یہ خواتین ڈرائیونگ کرنے لگیں تو ایسی صورت میں غیر ملکی ڈرائیوروں کی تعداد یقینا کم ہوگی۔
سعودی عرب کی ابلاغی رپورٹوں میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ 2020ءتک 30لاکھ سعودی خواتین گاڑی چلانے کی اہل ہونگی۔ ان رپورٹوں میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا اتنی تعداد میں خواتین گاڑی چلانے لگیں گی بھی یا نہیں۔اب تک اس حوالے سے جتنی رپورٹیں منظر عام پر آئی ہیں وہ مفروضوں پر مبنی ہیں۔ زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ایک رپورٹ یہ بھی آچکی ہے کہ سال رواں کے دوران سعودی خاندانوں نے گزشتہ برس کے مقابلے میں نجی ڈرائیور درآمد کرنے کیلئے پہلے سے کہیں زیادہ ویزے جاری کرائے ہیں۔

شیئر: