Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: سکول بسوں میں راڈار سسٹم کی تنصیب

بسوں سے اترتے وقت کم عمر طلبہ اچانک بس کے آگے سے گزر کر روڈ پار کرتے ہیں
متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹریفک پولیس نے سکول بسوں کے لیے مزید احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں۔ ٹریفک پولیس نے بسوں کے"سٹاپ آرم سائن" کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نگرانی کے لیے خصوصی سکینر اور کیمروں کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں 500 بسوں میں مذکورہ سسٹم نصب کیا جائے گا۔
امارات ٹوڈے کی خبر کے مطابق دبئی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ طلبہ کی بسوں میں جدید ترین راڈار سسٹم کی تنصیب کا مقصد ان تیز رفتار ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرنا ہے جو بسوں کے مخصوص سائن (stop) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزر جاتے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ کو بسوں میں سوار کرتے یا اتارتے وقت ڈرائیور بس کی سائیڈوں میں نصب "آرم سائن سٹاپ" کو کھول دیتے ہیں جس کا مقصد آنے والی  گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو متنبہ کرنا ہوتا ہے کہ  وہ رک جائیں اور طلبہ کو محفوظ طریقے سے سڑک پار کرنے دیں۔

"سٹاپ سائن" کا آرم کھلتے ہی راڈار خود کار انداز میں کام کرنا شروع کر دے گا

بسوں میں نصب کیے جانے والے جدید ترین راڈار سسٹم کے ذریعے  سٹاپ آرم  سائن کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے بارے میں مکمل تفصیلات فوری طور پر ٹریفک پولیس کو پہنچ جائیں گی جہاں سے ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی ۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ کی بسوں میں سٹاپ سائن کی کافی اہمیت ہے کیونکہ بسوں سے اترتے وقت کم عمر طلبہ اچانک بس کے آگے سے گزر کر روڈ پار کرتے ہیں اور تیز رفتاری سے گزرنے والی دیگر گاڑیوں سے ان کو خطرہ ہوتا ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے نہ صرف طلبہ بلکہ دیگر ڈرائیوروں کی حفاظت و سلامتی کو بھی یقینی بنانے کے لیے قوانین وضع کیے جاتے ہیں۔ 
اس ضمن میں ابوظبی پولیس کے ڈائریکٹر آپریشنز کرنل سہیل سعید الخلیلی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بسوں میں نصب کیے گئے "سٹاپ سائن" کے حوالے سے ڈرائیوروں میں آگاہی بڑھانے کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف زبانوں میں لٹریچر کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں لوگوں کو اس سائن کی افادیت کے ساتھ ٹریفک قوانین اور ان پر عمل کرنے کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی معلومات مہیا کی جا رہی ہیں۔ 

یو اے ای میں ٹریفک پولیس نے سکول بسوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی ہیں

کرنل سہیل نے مزید کہا کہ بسوں میں نصب سٹاپ سائن کی خلاف ورزی کو ختم کرنے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ پہلہ مرحلہ دو ماہ کے دورانیے کا ہو گا جس میں پانچ سو سکول بسوں میں جدید ترین سکینر اور کیمرے جو کہ براہ راست راڈار سسٹم کے ذریعے ٹریفک پولیس کے کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے نصب کیے جائیں گے۔
’جوں ہی "سٹاپ سائن" کا آرم کھلے گا راڈار خود کار انداز میں کام کرنا شروع کر دے گا، جیسے ہی کوئی گاڑی سائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بس کو کراس کرے گی۔ سسٹم گاڑی کی فوٹو اور دیگر تفصیلات لے کر ادارے کو ارسال کر دے گا جہاں سے اس گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔‘ 

سکول بسوں کے قریب سے تیز رفتاری سے گزرنے والی گاڑیوں سے طلبہ کو خطرہ ہوتا ہے

دبئی ٹریفک پولیس کی جانب سے اس ضمن میں "راہ سلامتی" کے عنوان سے سوشل میڈیا پر بھی مہم شروع کی جا رہی ہے جبکہ اسی عنوان سے ہیش ٹیگ بھی شروع کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پوسٹرز اور لٹریچر کی تقسیم کا کام بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ دبئی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے گذشتہ ہفتے کے دوران سکول بسوں کے لیے عقبی کیمروں کی تنصیب کا قانون بھی منظور کیا گیا تھا جس میں سکول کی بسوں کے ڈرائیوروں کو اس امر کا پابند بنایا گیا تھا کہ وہ بسوں کے عقب میں سمارٹ کیمرے نصب کریں تاکہ ڈرائیوروں کو ریورس کرتے وقت یہ معمول ہو سکے کہ بس کے پیچھے کوئی ہے تو نہیں۔

شیئر: