Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مہیش بھٹ کو دل کا دورہ نہیں پڑا‘

مہیش ان دنوں ’سڑک ٹو‘ فلم بنانے میں مصروف ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ہفتے کو سوشل میڈیا پر یہ افواہیں پھیلنا شروع ہوئیں کہ بالی وڈ کے معروف فلم پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور سکرین رائٹر مہیش بھٹ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔
تاہم ان کی بیٹی پوجا بھٹ نے ثبوت کے طور پر اپنے والد کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ہنستی خوشی اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں۔
پوجا بھٹ کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مہیش بھٹ خوشی خوشی کیمرے کی طرف دیکھ کر پوز بنا رہے ہیں۔

47 سالہ پوجا بھٹ بالی وڈ فلم پروڈیوسر ہونے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک ہیں اور اچھی حسِ مذاح کی وجہ سے صارفین انہیں پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میرے والد کو دل کا دورہ پڑنے اور ان کا انتقال ہونے کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں اور پریشان ہونے والوں کے لیے یہ تصویری ثبوت کافی ہیں۔‘
پوجا بھٹ نے مزید لکھا کہ ’سرخ شوز پہنے مہیش بھٹ معمول کے مطابق ہنسی خوشی زندگی گزار ہیں۔ وہ جلدی میں کہیں نہیں جا رہے اور امید ہے کہ ہم سب کو بھی بچا لیں گے۔‘

عالیہ بھٹ اور پوجا بھٹ ’سڑک ٹو‘ میں اکھٹی کام کر رہی ہیں۔ فوٹو: ٹوئٹر

حال ہی میں مہیش بھٹ نے اپنی نئی فلم ’سڑک ٹو‘ کے سیٹ سے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں پوجا بھٹ کے ساتھ ساتھ ان کی سوتیلی بہن عالیہ بھٹ اور شاہین بھٹ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
’سڑک ٹو‘ میں سجنے دت اور پوجا بھٹ اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم ہیرو اور ہیروئن کا کردار عالیہ بھٹ اور ادیتیا روئے نبھا رہے ہیں۔

شیئر: