Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے پانچ بہترین محکمے کون سے؟

بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کے اہلکاروں کو دو ماہ کی تنخواہ بطور انعام دی جائے گی
متحدہ عرب امارات نے سالانہ کارکردگی کے جائزے کی بنیاد پر پانچ بہترین سرکاری اداروں کے ساتھ پانچ بدترین اداروں کی بھی فہرست جاری کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق فجیرہ میں فیڈرل اتھارٹی برائے شناختی کارڈ (اقامہ) و شہریت بہترین سرکاری محکمہ قرار دیا گیا ہے جبکہ الخان میں واقع امارات پوسٹ کو ملک کا بدترین محکمہ کہا گیا ہے۔
نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد نے بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کے اہلکاروں کو دو ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ بدترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کے سربراہوں کو معطل کر دیا ہے۔

فجیرہ میں فیڈرل اتھارٹی برائے شناختی کارڈ (اقامہ) وشہریت بہترین سرکاری ادارہ قرار دیا گیا ہے

جن سرکاری اداروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ ہے کیا ہے ان میں فجیرہ کے شناختی کارڈ واقامہ ادارے کے علاوہ عجمان میں وزارت تربیت وتعلیم، عجمان میں ٹریفک اور لائسنس کا محکمہ، شارجہ کے واسط علاقہ میں پولیس آفس اور راس الخیمہ میں شیخ زاید پروگرام برائے ہاؤسنگ شامل ہیں۔
اسی طرح جن اداروں نے بدترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ان میں محکمہ پوسٹ کے علاوہ دبئی کے الحیصنہ علاقہ میں شناختی کارڈ و اقامہ کا ادارہ، شارجہ میں انشورنس اور الاؤنس کا ادارہ، بنی یاس میں انشورنس کا ادارہ اور فجیرہ میں توطین کا ادارہ شامل ہے۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’’مجھے آج ملک کے 600 سرکاری اداروں کی کارکردگی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ میں نے وعدہ کیا تھا کہ 5 بہترین اور5 بدترین اداروں کے ناموں کا اعلان کروں گا۔ کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر ملک کا سب سے بہترین ادارہ فجیرہ میں ہویہ(شناختی واقامہ) کا ادارہ ہے جبکہ الخان میں محکمہ پوسٹ ملک کا بدترین ادارہ ہے‘‘۔

دبئی کے حکمران نے بدترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کے سربراہوں کو معطل کردیا ہے

دبئی کے حکمران نے مزید کہا’’ ہم نے بدترین سرکاری محکموں کے سربراہوں کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کی جگہ ایسے افرادکو بھرتی کرنے کی ہدایت کی ہے جو لوگوں کی خدمت کا فن جانتے ہوں‘‘۔
دبئی کے حکمران نے کہاکہ’’جن اداروں کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے،وہ کسی نہ کسی وزارت یا ادارے کے ماتحت ہیں، ہم نے ہدایت کی ہے کہ اس وزارت یا ادارے کا سربراہ خود ایک ماہ اپنے ذیلی ادارے میں جاکے کام کرے اور اسے بہتربنائے‘‘۔
آخر میں شیخ محمد بن راشد نے لکھا’’بدترین کارکردگی پیش کرنے والے اداروں کا میں خود وزٹ کروں گا‘‘۔

شیئر: