سری لنکا کا ٹور: ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

مصباح الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
اب جب سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق ہو چکی ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق تربیتی کیمپ کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا ہے۔
ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، نائب کپتان بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض اور امام الحق کو بھی تربیتی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے جبکہ محمد عامر، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان اور عمر اکمل بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

ممکنہ کھلاڑیوں میں فاسٹ بولر عثمان شنواری کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

شیڈیول کے مطابق تمام کھلاڑی 18 ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رپورٹ کریں گے۔ بعد ازاں مصباح الحق 21 ستمبر کو قومی ایک روزہ اور ٹی 20 ٹیموں کا اعلان کریں گے۔
پاکستان کی ون ڈے ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہو جائے گی، جس کے بعد سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سمیت 10 سینئر کھلاڑیوں نے ’سکیورٹی خدشات‘ کے باعث دورہ پاکستان سے معذرت کر لی تھی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق دورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ ابتدائی ٹیم کے ارکان کو دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس کے بعد انہیں اختیار دیا گیا کہ وہ پاکستان جانے کا آزادانہ فیصلہ کریں۔
بیان کے مطابق بریفنگ کے بعد 10 کھلاڑیوں نے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
دورے کے دوران سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز کھلیے گی جو کہ 27 ستمبر سے کراچی میں شروع ہوں گے۔

سری لنکا سیریز، دورہ آسٹریلیا

پی سی بی نے سری لنکا سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
اس کے تحت، مصباح الحق ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر، منصور رانا ٹیم آپریشنز، لاجسٹک اینڈ ایڈمنسٹریٹو منیجر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
وقار یونس باؤلنگ کوچ، بریڈ برن فیلڈنگ کوچ اور شاہد اسلم اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ آن کرکٹ مقرر کردئیے گئے ہیں۔
کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ، یاسر ملک ٹرینر، رضا راشد میڈیا منیجر، طلحہ بٹ اینالسٹ اور ملنگ علی مساجر بھی ٹیم منیجمنٹ کا حصہ ہیں۔
میجر ریٹائرڈ اظہر عارف کو سری لنکا سیریز کے لیے سیکورٹی منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔ جبکہ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری دورہ آسٹریلیا پر سیکورٹی منیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں

شیئر: