Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈومیسٹک کرکٹ میں 7 برس بعد واپسی، بابر اعظم دو اننگز میں صرف 16 رنز بنا کر آؤٹ

بابر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے او جی ڈی سی ایل کے لیے بطور گیسٹ پلیئر شامل کیا تھا (فوٹو:گیٹی امیجز)
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی توقعات کے برعکس رہی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ون ڈے کپتان پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون میں او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے خان ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف میچ کی دونوں اننگز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنا سکے۔
بابر اعظم کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے او جی ڈی سی ایل کے لیے بطور گیسٹ پلیئر شامل کیا تھا جہاں انہوں نے ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں کے آر ایل کے خلاف چار روزہ میچ سے ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ میں واپسی کی۔
ان کی آخری فرسٹ کلاس شرکت دسمبر 2019 میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں ہوئی تھی۔
پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 20 گیندوں پر 12 رنز بنائے، جس میں دو چوکے شامل تھے تاہم کے آر ایل کے فاسٹ بولر ارشد اقبال کی شارٹ گیند پر پل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شارٹ مڈ وکٹ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ارشد اقبال نے میچ کی پہلی اننگز میں 16 اوورز میں 55 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ او جی ڈی سی ایل کی پوری ٹیم 217 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں کے آر ایل نے 398 رنز بنائے، جس کے باعث او جی ڈی سی ایل کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔ 
فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں بھی بابر اعظم بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف چار رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ یوں بابر اعظم نے میچ کی دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنائے۔ 
او جی ڈی سی ایل نے دوسری اننگز میں 275 رنز بنائے اور کے آر ایل کو جیت کے لیے 95 رنز کا ہدف دیا تاہم میچ کے اختتام تک کے آر ایل صرف 11 رنز بنا سکی اور مقابلہ ڈرا ہوگیا۔ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے کپتان روہیل نذیر نے 72 جبکہ وقار احمد نے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابر اعظم کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں آخری شرکت دسمبر 2019 میں ہوئی تھی جب انہوں نے سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے ناردرن کو ایک اننگز اور 16 رنز سے شکست دے کر قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل جیتا تھا۔ 
بابر اعظم کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ایسے وقت میں ہوئی جب حالیہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی فارم پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں ان کے چار اننگز میں سکور 8، 6، 7 اور 76 رنز رہے، جبکہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 196 رنز بنا کر انہیں پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا تھا۔

 پریذیڈنٹس ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ میں بابر اعظم کے علاوہ کئی دیگر قومی کھلاڑی بھی اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے ساتھ ایکشن میں آئے (فوٹو:ویڈیو گریب)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں شرکت پر زور دیا ہے۔
پریذیڈنٹس ٹرافی کے تیسرے راؤنڈ میں بابر اعظم کے علاوہ کئی دیگر قومی کھلاڑی بھی اپنی متعلقہ ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے ساتھ ایکشن میں آئے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کی آئندہ اہم ریڈ بال اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز ہے۔ 
اس سے قبل سری لنکا کے خلاف تین ٹی20 میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 نومبر سے راولپنڈی اور دوسرا 17 نومبر سے لاہور میں ہوگا۔

شیئر: