Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سری لنکا سیریز پاکستان میں کھیلے گا‘

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سرفراز احمد کو قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔
جمعے کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئے گی اور میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سری لنکا نے یہ نہیں کہا کہ وہ نہیں آئیں گے، سیریز کے لیے متبادل وینیو کا اب وقت نہیں رہا۔‘
ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کی ایک روزہ میچوں میں کارکردگی میں تسلسل نہیں اور اتار چڑھاؤ کا شکار ہے تاہم اس کی ذمہ داری صرف کپتان پر عائد نہیں کی جا سکتی۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی بہتر ہے تاہم ایک روزہ کرکٹ کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے لیکن کپتان کو مورد الزام ٹھہرانا بالکل غلط بات ہے۔ گیارہ کھلاڑی کھیلتے ہیں، اگر بولر آؤٹ نہیں کر رہے اور کوئی آؤٹ آف فارم ہے تو ایسا ہوتا ہے۔‘

سری لنکا کے خلاف سیریز میں سرفراز احمد کپتان جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے، فوٹو: پی سی بی 

چیئرمین احسان مانی کہا کہ بابر اعظم کو فی الوقت اس سیریز کے لیے نائب کپتان بنایا ہے مگر وہ ٹیم کی فیصلہ سازی میں بھی شریک ہوں گے۔ ’دیکھتے ہیں وہ کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ بابر اس وقت دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔‘
مصباح الحق نے کہا کہ وہ کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔ ’سرفراز اچھے بلے باز ہیں اور کوشش ہو گی کہ وہ اپنے آپ کو بیٹنگ میں کم استعمال نہ کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں دو وکٹ کیپر ہونے کا تاثر درست نہیں۔ ’رضوان بہت اچھے بلے باز ہیں اور انہوں نے نمبر چار پر کھیلتے ہوئے 200 رنز بنائے ہیں۔ سرفراز اور رضوان کا الگ الگ کردار ہے۔‘
ہیڈ کوچ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ’اب سال بھر فٹنس کا جائزہ لیا جاتا رہے گا اور ہر کھلاڑی کی روز کی فٹنس لاگ بک میں درج ہو گی۔‘
احسان مانی اور مصباح الحق نے کہا کہ پابندی کے خاتمے کے بعد شرجیل خان اگر کارکردگی دکھائیں گے اور فٹنس ثابت کریں گے تو قومی ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں۔

شیئر: