ایشیئن گیمز میں کرکٹ کا مقابلہ بارش کی نذر، پاکستان اور انڈیا فائنل کی جانب گامزن
مطابق پاکستان نے ہانگ کانگ کے خلاف بغیر کوئی گیند کھیلے مقابلہ جیت لیا (فوٹو: کرک انفو)
جاپان کے شہر ناگویا میں پیر کو بارش ہونے کی وجہ سے ایشیائی کھیلوں کے دونوں مردوں کے کوارٹر فائنل منسوخ کر دیے گئے، جس کے بعد انڈیا اور پاکستان فائنل میں آمنے سامنے آنے کی راہ پر ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان نے ہانگ کانگ کے خلاف بغیر کوئی گیند کھیلے مقابلہ جیت لیا، کیونکہ قوانین کے مطابق بہتر سیڈ والی ٹیم آگے بڑھتی ہے۔ چند گھنٹے بعد بارش کے باعث افغانستان کے خلاف انڈیا کا میچ بھی ممکن نہ ہو سکا اور انڈیا بھی اسی اصول کے تحت سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
اس صورتحال نے شائقین کو کوروجی ایتھلیٹک پارک میں 15 سالہ انڈین بیٹسمین وایبھاو سوریہ ونشی کو کھیلتے دیکھنے کا موقع نہیں دیا، جو اس سال آئی پی ایل ٹی20 بیٹنگ چارٹس میں سرفہرست رہے تھے۔
افغانستان کے محمد اکرم نے کہا کہ ’ہم یہاں میچ کے لیے آئے تھے لیکن بدقسمتی سے بارش ہو گئی۔ بارش کل سے جاری ہے، ہمارے کھلاڑی فارم میں ہیں، ہم خوش ہوتے اگر کھیل سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم نے اسی میدان پر دو میچ کھیلے تھے اور حالات سے واقف تھی، لیکن بارش نے سب کچھ برباد کر دیا۔
منگل کو اگر موسم بہتر ہوا تو سری لنکا نیپال اور بنگلہ دیش ملیشیا کے خلاف آخری دو کوارٹر فائنل کھیلیں گے۔
