Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب انٹرنیشنل میری ٹائم سکیورٹی میں شامل

بین الاقوامی اتحاد کا مقصد تجارتی بحری جہازوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔فائل فوٹو روئٹرز
سعودی عرب جہاز رانی کے تحفظ کے لیے قائم بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہو گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے بدھ کو سعودی وزارت دفاع کے ایک ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ کی زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کا مقصد تجارتی بحری جہازوں کا تحفظ ،عالمی تجارت اور میری ٹائم نیوی گیشن کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی عرب کی اتحاد میں شمولیت کا مقصد جہاز رانی اور عالمی تجارت کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی معاونت کرنا ہے۔

امریکہ کی زیرقیادت اتحاد میں آسٹریلیا، بحرین اور برطانیہ شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بیان کے مطابق اس طرح عالمی معیشت کے لیے توانائی کی مسلسل فراہمی ،عالمی امن اور سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
امریکہ کی زیرقیادت اتحاد، جس میں آسٹریلیا، بحرین اور برطانیہ شامل ہیں، کا مقصد تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت اور محفوظ نیویگیشن فراہم کرنا ہے۔
بین الاقوامی اتحاد آبنائے ہرمز، باب المندب، بحیرہ عمان اور خلیج عرب کی سمندری گزر گاہوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ 
خیال رہے کہ رواں برس مئی میں متحدہ عرب امارات کے حکام نے کہا تھا کہ فجیرہ کے ساحل کے قریب ایک تخریبی کارروائی میں مختلف ملکوں کے چار مال بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکرز بھی شامل تھے۔
ان حملوں کی تحقیقات میں تحقیقات میں متحدہ عرب امارات کے علاوہ سعودی عرب اور ناروے شامل تھے اور سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ حملے میں ریاستی عناصر ملوث تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: