Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’موٹاپے کے شکار انسان کا کُتا بھی موٹا ہوتا ہے‘

تحقیق میں ترقی یافتہ ممالک میں 34 سے 59 فیصد کتوں کا وزن زیادہ پایا گیا، تصویر: وکی میڈیا
ایک نئی تحقیق کے مطابق موٹاپے کا شکار افراد کے کتے بھی زیادہ تر موٹے ہوتے ہیں کیونکہ وہ انہیں بھی زیادہ کھلاتے ہیں۔
 ڈنمارک کی یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کی ایک سٹڈی میں کہا گیا ہے کہ ’جیسا مالک، ویسا کُتا‘۔   
 ڈینش محققین کے مطابق موٹے افراد کے پاس 35 فیصد کتے بھی موٹے پائے گئے ہیں جبکہ دبلے پتلے افراد کے پاس موجود 14 فیصد کتے موٹاپے کا شکار نظر آئے۔ اس طرح دیکھا جائے تو موٹاپے کا شکار مالکان کے پاس موجود موٹے کتوں کی تعداد دبلے پتلے مالکان کے پاس موجود کتوں کے مقابلے میں دو گنا سے بھی زیادہ ہے۔
سٹڈی کے مطابق یہ تحقیق 268 کتوں پر کی گئی جن میں سے 20 فیصد کا وزن زیادہ پایا گیا ہے۔

سٹڈی کے مطابق موٹاپے کا شکار کتوں کی عمر عام کتوں سے کم ہوتی ہے، تصویر: Pixabay

سٹڈی کے مرکزی مصنف شارلوٹ جارنوڈ کہتے ہیں کہ اوسط وزن کے حامل افراد اپنے کتوں کو تربیتی نقطہ نظر سے کھلاتے ہیں جبکہ زیادہ وزن کے حامل افراد اپنے کتوں کو بے ترتیب انداز میں کھلاتے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک شخص صوفے پر بیٹھا آرام کر رہا ہے اور سینڈوچ یا بسکٹ کھاتے ہوئے اس کا آخری حصہ اپنے کتے کو کھلا دیتا ہے۔  
بین الاقوامی محققین کی جانب سے 2016 میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں 34 سے 59 فیصد کتوں کا وزن زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کتوں کی اوسط عمر کم ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے کتوں کو انسانوں کی طرح دل اور شوگر کی بیماریاں لاحق ہو جاتی ہیں۔
اوسطاً زیادہ وزن والے کتوں کی عمر متوازن غذا کھانے والے کتوں کے مقابلے میں ایک سال تین ماہ تک کم ہوتی ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں