’اب اسلام آباد کو کس کے حوالے کیا جائے؟‘
جمعرات 19 ستمبر 2019 14:25
سوشل میڈیا پر صارفین اسلام آباد میں کچرےکی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کررہے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)
گذشتہ کچھ مہینوں سے کراچی کا کچرا میڈیا میں موضوع بحث بنا ہوا ہے، مین سٹریم میڈیا ہو یا سوشل میڈیا ہر جگہ ہی یہ موضوع اتنا زیر بحث رہا ہے کہ اب کراچی کا نام لیتے ساتھ ہی پہلا خیال کچرے کا آتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کراچی کو کچرا کنڈی کہنا شروع کر دیا ہے لیکن اب لگتا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی کراچی کے رنگ میں رنگنے لگا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین اسلام آباد کے پوش علاقوں میں کچرے کے ڈھیر کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کررہے ہیں اور ڈی سی اسلام آباد کو ٹیگ کرکے شہر کو پہلے کی طرح صاف ستھرا بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر سیدہ لیلیٰ خالد نامی ایک صارف نے اسلام آباد کے جی سکس سیکٹر کے بلو ایریا کی ویڈیو بنا کر پوسٹ کی۔ ویڈیو میں علاقے میں کچرے کا انبار واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
ان کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے بڑی تعداد میں صارفین نے شیئر کیا۔
لیلیٰ خالد نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’موجودہ حکومت پہلے سارا ملبہ ن لیگ پر ڈالتی تھی اب کس پر ڈالیں گے؟‘
کچھ صارفین وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا وہ بیان بھی شیئر کررہے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’جہاں کچرا حکومت ہوگی وہاں کچرا ہی ہوگا۔‘
ڈاکٹر یوسف زئی نامی صارف نے فواد چوہدری پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسلام آباد میں کچرا اس لیے ہے کہ یہاں کچرا حکومت ہے۔‘
ایک اور صارف محمد ریاض خان نے لکھا کہ’وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آج ہی بیان دیا تھا کہ جہاں کچرا حکومت ہوگی وہاں کچرا ہوگا،فواد بھائی اسلام آباد میں آپ کی حکومت ہے اس کو کیا کہیں؟‘
ایک اور صارف محمد شہزاد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ’اسلام آباد اور پنجاب کا کچرا صاف نہیں ہورہا چلے ہیں سندھ کا کچرا صاف کرنے‘۔
ڈاکٹر اے ایچ جمالی نامی صارف نے سوال اٹھایا کہ ’اسلام آباد میں کچرے کے ڈھیر،اب اسلام آباد کو کس کے حوالے کیا جائے؟‘
شاہد کوئٹہ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے اسلام آباد کے ایک علاقے میں گندگی کے ڈھیر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’پی ٹی آئی کی حکومت اور میڈیا صرف کراچی کا کچرا ہی دکھا رہی ہے میں آپ سب کو اسلام آباد کا کچرا دکھاتا ہوں۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں