Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  سوشل میڈیا پر تجارتی فراڈ ،سستی اشیاء کے مہنگے دام

تجارتی دھوکے بازی سے پریشان شہریوں نے وزارت اقتصادیات سے رجوع کر لیا ۔ فائل فوٹو
متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کی تجارتی دھوکے بازی  سے  پریشان شہریوں نے  وزارت اقتصادیات سے رجوع کر لیا ۔ 
شہریوں کا  دعوی ہے کہ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے اپنی شہرت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے معمولی اشیاء انتہائی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں ۔

غیر معمولی طور پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ  قابل قبول نہیں ۔  وزارت اقتصادیات  فائل فوٹو 

 امارات ٹوڈے  کے مطابق  وزارت اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں تجارتی دھوکہ اور قانونی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے ۔ 
وزارت اقتصادیات نے سوشل میڈیا کی ان معروف شخصیات کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجارتی دھوکے بازی نہ کریں ۔ ایسا کرنے والوں کے اکائونٹ منجمد کر دیئے جائیں گے تاکہ عام شہریو ں کو انکی دست برد سے محفوظ رکھا جاسکے ۔
 وزارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر معمولی طور پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کرنا کسی طرح قابل قبول نہیں ۔
 شہریوں کا  یہ کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے بعض لوگ  اپنے اکائونٹ پر مختلف چیزوں کی مارکیٹنگ کرتے ہیں ۔ یہ افراد مارکیٹ کی قیمتوں سے 20 سے 40 فیصد تک اضافی قیمتیں وصول کرتے ہیں ۔
 لوگوں کا کہنا تھا کہ انکا یہ عمل درست نہیں ۔ جو چیز مارکیٹ میں 50 درھم کی آسانی سے دستیاب ہو جاتی ہے اس کے 80 درھم وصول کرتے ہیں ۔

 تحقیقات کے بعد دھوکے باز افراد کا سوشل میڈیا اکاﺅنٹ بند کیا جائے گا ۔ فائل فوٹو 

 نورا سالم الشامسی نے امارا تی اخبار کو بتایا کہ اس نے سوشل میڈیا  کی ایک معروف خاتون سے 1250 درھم میں پرس خریدا جب مارکیٹ میں اس کی قیمت دریافت کی تو وہ 870 درھم تھی ۔
 خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے یہ سمجھ کر پرس خریدا تھا کہ معروف خاتون سے معیاری چیز ارزاں نرخوں میں مل رہی ہے مگر مجھے یہ نہیں معلو م تھا کہ جو میں خرید رہی ہوں وہ مارکیٹ میں اس سے کم داموں اور وافر تعداد میں دستیاب ہے ۔
ایک اور متاثر شخص نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک معروف شخصیت نے اپنے اکائونٹ پر گھڑی کا اشتہار دیا اور ا س کی بے پناہ خوبیاں بھی بیان کیں جن سے متاثر ہو کر میں نے  499 درھم میں خرید لی بعدازاں جب   مارکیٹ میں اسکی قیمت معلوم کی تو دکاندار نے بتایا کہ وہ یہ گھڑی 299 درھم میں فروخت کرتے ہیں ۔
اسی طرح دیگر افراد نے بھی سوشل میڈیا پر معروف ہونیوالوں کے حوالے سے شکایات درج کرائیں  ۔ وزارت اقتصادات کی جانب سے اسے غیر قانونی فعل قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا کی شخصیات کو کہا گیا  کہ وہ اس قسم کی دھوکے بازی نہ کریں جو انہیں مشکلات میں مبتلا کر دے ۔
 وزارت  ایسے افراد کے خلاف تحقیقات کرکے انکا سوشل میڈیا کا اکائونٹ بند کردے گی ۔ 

شیئر: