Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کامیابی کے لیے اداکار کو بے شرم ہونا چاہیے‘

چنکی پانڈے نے ’ہاؤس فل 4 ‘ میں ’آخری پاستہ‘ کا مزاحیہ کردار نبھایا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا
بالی وڈ کے معروف اداکار چنکی پانڈے نے اداکاروں کو کیریئر میں عروج پر رہنے کا گر بتا دیا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو انٹرویو میں چنکی کا کہنا تھا کہ ’اداکار کو ٹاپ پر رہنے کے لیے بے شرم ہونا چاہیے۔‘
انٹرویو میں اپنے کیریئر کے عروج و زوال کی کہانی بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ’میرا خیال ہے کہ ایک اداکار کو بے شرم ہونا چاہیے۔ میں موٹی کھوپڑی کا ہوں۔ جب آپ کے پاس کام نہ ہو اور آپ گھر بیٹھے ہوں تو آپ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔‘

چنکی پانڈے نے ’تیزاب‘، ’اگنی‘ اور ’آنکھیں‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ فوٹو سوشل میڈیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ سب آپ کے ساتھ اس وقت ہو جب آپ کیریئر کا عروج دیکھ چکے ہوں اور لوگ آپ کے پیچھے بھاگتے رہے ہوں تو یہ اور بھی پریشان کن ہوتا ہے۔
 خیال رہے کہ ’پاپ کی دنیا‘ کے اداکار 1980 کی دہائی کے آخر اور 1990 کی دہائی کے شروع میں اپنے بالی وڈ کیریئر کے عروج پر تھے۔ اس دور میں چنکی پانڈے نے ’تیزاب‘، ’اگنی‘ اور ’آنکھیں‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
ان کے مطابق 1993 میں ’آنکھیں‘ جیسی ہٹ فلم کرنے کے بعد ان کے پاس کام نہیں تھا اور وہ ایک سال تک گھر میں بیٹھے رہے اور صرف ایک فلم کی جس کا نام ’تیسرا کون‘ تھا۔
 
ان کے بقول یہ وہ وقت تھا جب انہوں نے بنگلہ دیش میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا اور ان کی  پہلی ہی فلم سپر ہٹ ہوئی۔ ’میں نے بنگلہ دیش میں تین سے چار سال کام کیا اور جب میری ہندی سینما میں واپسی ہوئی تو مجھے محسوس ہوا کہ ایک پوری نسل مجھے مکمل طور پر بھول چکی ہے۔‘
چنکی پانڈے کے مطابق اس کے بعد انہیں بڑی جدوجہد کرنا پڑی اور کام مانگنے کے لیے لوگوں سے ملنا پڑا اور خوش قسمتی سے انہیں کام بھی مل گیا۔   
وہ حال ہی میں سنجے دت کی فلم ’پرستھانم‘ میں منفی کردار میں نظر آئے۔ اس سے پہلے انہوں نے ’بیگم جان‘ اور ’ساہو‘ میں بھی کام کیا تھا۔
 
انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ لوگ توقع نہیں کر رہے تھے کہ میں منفی کردار کروں گا لیکن میں نے رشی کپور کو ’اگنی پتھ ‘ میں رؤف لالہ کا کردار نبھاتے ہوئے دیکھ کر منفی کردار کرنے کا فیصلہ کیا۔
’ مجھے منفی کردار بہت پہلے کرنا چاہیے تھے۔ ہیرو کا کردار بہت ہی بورنگ ہوتا ہے اور اسے تمام اچھے کام کرنے ہوتے ہیں تاہم ایک ولن سب کچھ کر سکتا ہے۔‘
چنکی پانڈے کو اس وقت ’ہاؤس فل 4‘ کی ریلیز کا انتظار ہے جس میں انہوں نے ’آخری پاستہ‘ کا مزاحیہ کردار نبھایا ہے۔
شوبز کی خبروں کے لیے ’’اردو نیوز شوبز‘‘ جوائن کریں

شیئر: