Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گلی بوائے‘ آسکر کے لیے نامزد

فلم کو ’بیسٹ انٹرنیشنل فیچر فلم‘ کی کیٹیگری میں آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فوٹو ٹویٹر
انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ نے رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی سپر ہٹ فلم ’گلی بوائے‘ کو آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا۔
گلی بوائے کی ڈائریکشن زویا اختر نے کی تھی۔ سنیچر کی شام کو زویا کے بھائی فرحان اختر نے اس بات کا اعلان ٹویٹر پر کیا کہ ’گلی بوائے‘ کو بالی وڈ کی جانب سے سرکاری طور پر 92ویں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔  
 اس فلم کو انڈیا کی جانب سے ’بیسٹ انٹرنیشنل فیچر فلم‘ کی کیٹیگری میں آسکر کے لیے بھیجا گیا ہے۔

فرحان اختر نے ٹویٹ کی کہ ’گلی بوائے‘ کو انڈیا کی طرف سے 92ویں آسکر کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ شکریہ فلم فیڈریشن اور زویا، ریما کاگتی، رنویر، عالیہ، سدھارتھ چترویدی اور فلم کے دیگر اراکین کو مبارکباد۔‘
’گلی بوائے‘ میں رنویر سنگھ نے مراد کا کردار ادا کیا ہے جو ممبئی کی جھگی میں رہنے والا ریپر ہے اور خراب معاشی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک سٹار بننا چاہتا ہے۔ یہ فلم سٹریٹ ریپر ڈیوائن اور نیجی سے متاثر ہے۔ 
فلم رواں سال فروری میں ریلیز ہوئی تھی جو کہ باکس آفس پر سپر ہٹ رہی۔ خیال رہے کہ انڈیا نے اتراکھنڈ کے ایک کسان کی زندگی پر مبنی ڈاکومنٹری ’موتی باغ‘ کو بھی ڈاکومنٹری کی کیٹیگری میں آسکر کے لیے نامزد کیا ہے۔

’گلی بوائے‘میں رنویر سنگھ نے مراد کا کردار ادا کیا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

’گلی بوائے‘ میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کے علاوہ سدھارتھ چترویدی اور کلکی کوچلن نے بھی اداکادری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی آسکر کے لیے نامزدگی کی خبر پر کلکی کوچلن نے ٹویٹ کیا ’واہ، یہ تو ہفتے کی شام کی سب سے بہترین خبر ہے۔‘

شیئر: