مکہ گیٹ: اسلامی شناخت کا عکاس ایک عظیم تعمیراتی شاہکار
اس تاریخی تعمیراتی ماڈل کا ڈیزائن سعودی فنکارعزیز ضیاء نے تیار کیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ سے مکہ مکرمہ جانے والی شاہراہ پر شہرِ مقدس کی حدود سے چند کلومیٹر پہلے مکہ گیٹ ایک منفرد تعمیراتی شاہکار ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ شاہراہ پر مکہ گیٹ کا انفراسٹرکچر ایک رحل پر کھلے ہوئے رکھے قرآن پاک کی شکل میں تیار کیا گیا ہے جو فن تعمیر کی خوبصورتی اور اسلامی شناخت کے گہرے مفہوم کا امتزاج ہے۔
اسے ’باب المصحف‘ یعنی قرآن کریم والا دروازہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ گیٹ اپنے منفرد طرزِ تعمیر کے باعث نمایاں مقام کا حامل ہے۔ اس کا ڈیزائن ایک بڑے تعمیراتی محراب پر مشتمل ہے جو شاہراہ کے اوپر قائم کیا گیا ہے۔
اس کے بنیادی ڈھانچے کے تین اہم حصے ہیں۔ دونوں جانب دو مضبوط بنیادیں اور ان سے نکلنے والے دو بازو شامل ہیں۔ یہ بازو شاہراہ سے تقریباً 23 میٹر کی بلندی پر آپس میں مل کر رحل بناتے ہیں جو اس شاہکار کا سب سے نمایاں حصہ ہے۔
اس کی لمبائی 16.5 میٹر جبکہ چوڑائی 26 میٹر ہے۔ مجموعی ڈھانچہ شاہراہ سے 23 میٹر کی بلندی سے شروع ہو کر 31 میٹر تک ہے۔
اس تاریخی تعمیراتی ماڈل کا ڈیزائن سعودی فنکارعزیز ضیاء نے تیار کیا تھا۔ انہوں نے قرآن کریم کی رحل کو سامنے رکھتے ہوئے ماڈل کی ڈرائنگ تیار کی۔ بعد ازاں اسے مجسم ماڈل میں ڈھالا گیا۔

مکہ گیٹ شہزادہ محمد بن سلمان روڈ (مکہ، جدہ ہائی وے) پر واقع ہے اور مکہ مکرمہ سے اس کا فاصلہ 5 کلو میٹر مغربی سمت ہے۔
اس کے تعمیراتی ڈھانچے کی مجموعی لمبائی 152 میٹر اور چوڑائی 31 میٹر ہے۔ اس کے اطراف میں باغیچہ اور کار پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ رات کے وقت مختلف روشنیوں کے انتظامات اس کی تعمیراتی خوبصورتی کو مزید نمایاں کر دیتے ہیں۔
مکہ گیٹ محض ایک دلکش ماڈل ہی نہیں بلکہ یہ علامتی حیثیت بھی رکھتا ہے جو مقدس شہر کی انفرادیت اور اسلامی شناخت کا عکاس ہے۔
اس کے مرکزی حصے رحل پر موجود قرآن کریم کا ماڈل ہے۔ اس طرح یہ دروازہ قدیم اسلامی ورثے اور جدید ترقی کے امتزاج کی نمائندگی کرتا ہے۔
