Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روایتی پکوانوں کی مہک اور ٹھنڈی ہوائیں، الاحسا کا علاقہ الوفرہ مقبول منزل

الاحسا کے اس تفریحی علاقے میں 150فوڈ ٹرکس موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
الاحسا کمشنری کے شہر الھفوف کے جنوب میں واقع علاقہ الوفرہ ونٹر سیزن میں خوشگوار موسم کے ساتھ ہی ایک سیاحتی تفریحی مقام کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
 مملکت کے مختلف شہروں کے علاوہ خلیجی ملکوں کے سیاحوں کو بھی متوجہ کرتی ہے اور علاقے کے نمایاں ترین موسمی تفریحی مقامات میں سے ایک بن جاتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس تفریحی علاقے میں 150فوڈ ٹرکس موجود ہیں جو روایتی ماحول میں انواع و اقسام کی اشیائے خورونوش کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
 فوڈ ٹرکس کو جاذب نظر بنانے کے لیے مختلف انداز سے سجایا گیا ہے۔ کافی، چائے اور روایتی پکوانوں کی مہک ٹھنڈی ہواؤں میں گھل مل کر ایک ایسا سماجی ماحول تخلیق کرتی ہے جہاں خاندان، دوست اور احباب کھلی فضا میں جمع ہوتے ہیں۔
 الوفرہ میں کھانوں کی اقسام بھی خصوصی کشش رکھتی ہیں جہاں الاحسا کمشنری کے روایتی پکوانوں کے ساتھ جدید ڈشیں اور گھریلو کاروبار کرنے والی خواتین اور فوڈ ٹرکس کے مالکان کے تیار کردہ مقامی کھانے دستیاب ہیں۔

سرد موسم کے آغازکے ساتھ  گرم مشروبات بھی تفریح کرنے والوں کی ترجیحات میں شامل ہیں جن میں مختلف اقسام کی چائے، قہوہ، سحلب اور ادرک کا سوپ شامل ہے۔
یہ علاقہ چھوٹے کاروبار، فوڈ ٹرکس اور گھریلو صنعت سے وابستہ خاندانوں کی معاونت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہیں تجارتی سرگرمیوں اور اپنی مصنوعات پیش کرنے کے لیے مواقع میسر آتے ہیں جس سے علاقے میں سماجی و معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

 

شیئر: