Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان، سری لنکا کا پہلا ون ڈے منسوخ

سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا آغاز آج جمعے سے ہو گیا ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے تاہم میچ سے پہلے کراچی میں تیز بارش شروع ہو گئی۔
بارش کے بعد گراؤنڈ بھیگ گیا اور پچ کے اطراف پانی کھڑا ہو گیا۔ آؤٹ فیلڈ مکمل طور پر گیلی ہونے کے بعد ہی میچ کا انعقاد مشکوک ہو گیا تھا۔ میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ہونا تھا مگر تیز بارش اور آؤٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث یہ میچ منسوخ کر دیا گیا۔
ابتدا میں ہوں دکھائی دے رہا تھا کہ شاید پورے 50 اوورز کے میچ کے بجائے محدود اوورز کے میچ کا انعقاد ہو جائے مگر آؤٹ فیلڈ میں بہت زیادہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ میچ آفیشلز اور گراؤنڈ سٹاف نے آؤٹ فیلڈ کا معائنہ کرنے کے بعد میچ کی منسوخی کا اعلان کر دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جمعرات کی شام میڈیا نمائندوں سے بات کی اور انہیں کھلاڑیوں کی فٹنس اور تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
نیوز کانفرنس کے دوران جب کپتان سرفراز احمد سے پوچھا گیا کہ کراچی میں 3 دن سے روزانہ بارش ہو رہی ہے ایسے میں گراؤنڈ کی کیا حالت ہے اور کیا فیلڈ پر پانی کھڑا ہے؟ جس کے جواب میں سرفراز نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مشہورِ زمانہ جملہ دہرایا کہ، ’جب بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے‘، جس کے بعد تمام حال قہقہوں سے گونج اٹھا اور خود سرفراز احمد بھی مسکراتے رہے۔

سرفراز کے مطابق بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلیں گے، فوٹو: اے ایف پی

کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے بہت پرجوش اور پرعزم ہیں۔ 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کے لیے موزوں ہے اور وہ پر امید ہیں کہ دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ انہوں نے پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی تعیناتی کے بعد یہ ٹیم کی پہلی سیریز ہے، جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 
اس مرتبہ سکیورٹی انتظامات پر خاص توجہ دی گئی ہے اور نیشنل سٹیڈیم کے ارد گرد سندھ رینجرز کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
اس میچ کے بعد گراؤنڈ کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اتوار کو کھیلے جانے والا دوسرا کرکٹ میچ ری شیڈول کر دیا گیا ہے اور اب یہ میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: