Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شمالی سینا میں حملہ،7 مصری فوجی ہلاک

داعش نے 15 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ فائل فوٹو: العربیہ نیٹ
 مصر کے شمالی سینا ریجن میں داعش کے حملے میں سات مصری فوجیوں اور ایک شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی سینا میں ہونے والے حملے میں دو فوجی زخمی بھی ہوئے۔
داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اپنی نیوز ایجنسی عمق سے جاری ایک بیان میں داعش نے 15 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

جزیرہ نما سینا میں مصری فوج عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ فائل فوٹو: سکائی نیوز

جزیرہ نما سینا کے شمالی حصے میں مصری فوج ایک عرصے سے عسکریت پسندوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ سیکڑوں فوجی ، پولیس اہلکار اور شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔
مصری وزارت دفاع سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور وسطی سینا میں کچھ عرصے کے دوران 118 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا تاہم بیان میں تفصیل نہیں بتائی گئی۔
یا د رہے کہ گزشتہ دنوں مصری سیکیورٹی فورس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جزیرہ نمائے سینا کے شمالی علاقے میں 15 مشتبہ دہشت گردوں کوفائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا گیا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب پولیس نے شمالی سینا کے دار الحکومت العریش شہر کے مغرب میں واقع مسلح عناصر کے خفیہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا تھا۔

شیئر: