Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر کتنا چالان؟

بغیرلائسنس کے گاڑی چلانے پرایک سے 2 ہزار ریال چالان کیا جاسکتا ہے۔فوٹو ۔ عاجل
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر ایک سے دو ہزار ریال چالان کیا جاسکتا ہے۔ عاجل نیوز نے ٹریفک پولیس کی جانب سے دی گئی وضاحت کے حوالے سے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر کوئی بھی خواہ و  مرد ہو یا خاتون گاڑی  نہ چلائیں۔ 
خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہو گی۔ سوشل میڈیا پر ایک شخص نے ادارہ ٹریفک پولیس سے دریافت کیا کہ ڈرائیونگ آنے کے باوجود لائسنس نہ ہونے پر جرمانے کی حد کتنی ہے۔

خواتین کو چاہئے جب تک ڈرائیونگ لائسنس حاصل نہ کرلیں سڑکوں پر گاڑی نہ چلائیں۔ فوٹو: سبق نیوز 

سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹوئٹر پر ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا حصول گاڑی چلانے کی بنیادی شرائط میں سے ایک ہے۔ سڑکوں پر گاڑی چلانے کے لیے لازمی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جائے۔
ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر سڑکوں پر گاڑی چلانا خلاف قانون تصور ہوتا ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قوانین مرتب کیے گئے ہیں۔ 
ٹریفک پولیس کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ جو بھی بغیر لائسنس کے گاڑی چلاتا ہے اس پر قانون کی شق نمبر 5 کا اطلاق ہوتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ خلاف ورزی کے مرتکب پر کم ازکم ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ دو ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے۔
جرمانے کا تعین جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکار کے صوابدید پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے مختلف نوعیت کی خلاف ورزیاں سامنے آتی ہیں جن میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل تو کیا ہے مگر موقع پر ساتھ نہیں تھا جبکہ جس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل ہی نہیں کیا اور سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے کسی حادثے کا شکار ہو گیا اس پر خلاف ورزی کی نوعیت مختلف اور سنگین ہو گی ۔ 
اس ضمن میں ٹریفک پولیس کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض خواتین بغیر لائسنس حاصل کیے ڈرائیونگ کرتی ہیں جو انتہائی غلط فعل او رسنگین قانون شکنی ہے۔ خواتین کو چاہئے وہ جب تک ڈرائیونگ لائسنس حاصل نہ کرلیں سڑکوں پر گاڑی نہ چلائیں ۔
واضح رہے گزشتہ برس سے مملکت میں خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی اجازت دی جاچکی ہے اس حوالے سے مملکت کے مختلف شہروں میں خواتین کے لیے ڈرائیونگ اسکولز قائم کئے جارہے ہیں تاہم ان کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: