Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کے لیے قرار داد

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کسی ذمہ دار کھلاڑی کو دی جائے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ہٹایا جائے۔ قرارداد مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
قرار داد کے متن کے مطابق ’یہ ایوان پاکستان سری لنکا ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز میں پاکستان کے وائٹ واش پر گہرے افسوس اور غصے کا اظہار کرتا ہے۔ ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم آٹھویں نمبر کی ٹیم سے سیریز ہار گئی جبکہ سری لنکن ٹیم کے نو زائیدہ کھلاڑیوں نے باآسانی تینوں میچ جیت لیے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی شکست سے پاکستانی قوم میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔‘
قرارداد میں سری لنکن ٹیم سے ٹی ٹونٹی میں وائٹ واش شکست کی تحقیقات کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے بارے میں کہا گیا ہے کہ بطور کپتان وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے پائے انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

پاکستان کا دورہ کرنے والی سری لنکن ٹیم میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

اسی طرح قرار داد میں یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کسی ذمہ دار اور تجربہ کار کھلاڑی کو دی جائے جو ٹیم کو متحد رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
خیال رہے کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم ہوم گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم سے ٹی ٹونٹی سیریز تین صفر سے ہاری ہے جبکہ عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان پہلے نمبر پر ہے۔ 
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: