Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانچویں بہن بھی سی ایس ایس پاس

ضحیٰ ملک شیر کا تعلق راولپنڈی سے ہے
راولپنڈی میں مقیم ضحیٰ ملک شیر فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت سینٹرل سپیریئر سروس یعنی سی ایس ایس امتحان پاس کرنے والی ایک ہی خاندان کی پانچویں بہن ہیں۔
ضحیٰ ملک شیر کی چار بڑی بہنیں سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے کے بعد مختلف سرکاری عہدوں پر تعینات ہیں۔
ضحیٰ ملک شیر نے ’اردو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی پیدائش ہوئی اور ان کے والد ہسپتال ان کو دیکھنے آئے تو ان کے رشتے دار پانچویں بیٹی کی پیدائش پر انتہائی افسردہ تھے۔ تاہم ضحیٰ کا کہنا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحان میں کامیابی کے بعد ان کے والد کا کہنا ہے کہ ’تمہاری پیدائش کی مبارک بادیں تمہیں آج مل رہی ہیں۔
سی ایس ایس امتحان برائے 2019 کے نتائج کا اعلان جمعرات کو ہوا تھا اور 23 سالہ ضحیٰ ملک شیر ان 372 کامیاب امیدواروں میں شامل ہیں جو  سی ایس ایس کے فائنل امتحان میں سرخرو ہوئی ہیں۔ سی ایس ایس امتحان برائے 2019 میں کل 23 ہزار 234 امیدوار تھے جبکہ 14 ہزار 521 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا تھا۔
23 سالہ ضحیٰ ملک شیر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے معاشرے میں بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے، علاج معالجے کروائے جاتے ہیں یا پھر کہا جاتا ہے چلو اگلی بار بیٹا ہوگا۔
خیال رہے کہ 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں ’گرل چائلڈ ڈے‘ منایا جاتا ہے جس کا مقصد بیٹیوں کے پیدائش اور انہیں بہترین پروش فراہم کرنے سے متعلق آگہی فراہم کرنا ہے۔
اس حوالے سے ضحیٰ ملک شیر کا کہنا ہے آج کے دن وہ ان والدین کو پیغام دینا چاہیں گی کہ وہ کبھی بھی اپنی اولاد کو اپنی کمزروی نہ سمجھیں بلکہ اپنی طاقت بنائیں۔

ماروی ملک شیر اور سسی ملک شیر

اپنی کمزوری کو اپنی طاقت بنائیں

ضحیٰ ملک شیر کے والد محمد رفیق اعوان کا تعلق خیبرپختوانخوا کے ہزارہ ڈویژن سے ہے، ان کا آبائی علاقہ تربیلا ہے اور وہ واپڈہ میں ملازمت کرتے تھے۔
اسی سلسلے میں عرصہ دراز پہلے محمد رفیق اعوان کی تعیناتی راولپنڈی میں ہوئی، جہاں ان کے ہاں پانچ بیٹیوں کی پیدائش اور پرورش ہوئی۔
ضحیٰ ملک شیر کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے ہمیشہ انہیں کہا کہ اپنی کمزوری کو اپنی طاقت بناؤ۔ ’بیٹیوں کو ہمارے معاشرے میں بوجھ سمجھا جاتا ہے لیکن آج میرے والد کی بیٹیاں ان کی طاقت بن چکی ہیں۔
ضحیٰ ملک شیر کا کہنا تھا کہ لڑکی، لڑکا یا ٹرانسجینڈر جو بھی ہو اس کو اپنی طاقت بنائیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کر سکے۔

سی ایس ایس 2019 کے نتائج

پانچوں بہنیں سی ایس ایس

ضحیٰ ملک شیر کی بڑی بہن لیلیٰ ملک شیر نے سنہ 2008 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا تھا اور اس وقت وہ کراچی میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہیں۔
دوسری بہن شیریں ملک شیر نے سنہ 2010 میں سی ایس ایس کیا اور اب وہ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی ہیں جبکہ تیسری بہن سسی ملک شیر سی ای او لاہور کینٹ میں زیرتربیت ہیں۔ ان کی چوتھی بہن ماروی ملک شیر اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد تعینات ہیں۔ 
ضحیٰ ملک شیر کا کہنا ہے کہ ابھی انہوں نے صرف سی ایس ایس کا  تحریری امتحان پاس کیا ہے لیکن ابھی تعیناتی کے لیے ان کا انٹرویو ہونا باقی ہے اور وہ یہ مرحلہ بھی طے کرنے کے لیے پرامید ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: