Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیٹ کا لباس کس نے تیار کیا؟

کیٹ مڈلٹن نے گہرے نیلے رنگ کا مشرقی لباس پہن رکھا تھا جو ان پر خوب جچ رہا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)
برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کے پہلے دورے پر اسلام آباد میں موجود ہے جہاں وہ مختلف سرگرمیوں میں مشغول ایک مصروف دن گزار رہا ہے۔
شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے نور خان ایئربیس پہنچنے پر ان کا بھرپور استقبال کیاگیا تھا۔ اس موقع پر کیٹ مڈلٹن نے ہلکے نیلے رنگ کا شلوار قمیض پہن رکھا تھا جو ان پر خوب جچ رہا تھا۔
لڑکیوں کے سکول کے دورے پر کیٹ مڈلٹن نے گہرے نیلے رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کیا جس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کراچی سے تعلق رکھنے والی فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے ڈیزائن کیا ہے۔
نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں کیٹ مڈلٹن انتہائی دلکش دکھائی دیں اور انہوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

کیٹ مڈلٹن نے گہرے نیلے رنگ کا مشرقی لباس زیب تن کیا جسے کراچی سے تعلق رکھنے والی فیشن ڈیزائنر ماہین خان نے ڈیزائن کیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ماہین خان نے کہا کہ ان کے لیے یہ نہایت فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ برطانوی شاہی خاندان نے اس اہم دورے کے لیے ان کے بنائے گئے جوڑے کا انتخاب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کے علاقے چیلسی میں ایک فیشن بوتیک ہے جہاں وہ اپنے ڈیزائن کردہ جوڑے رکھتی ہیں، وہیں سے برطانوی شاہی محل کے عہدیدار ان کے بنائے گئے کچھ جوڑے لے کر گئے تھے جو شہزادی کیٹ کو پسند آئے تھے جس کے بعد انہیں برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کیلئے ڈریس ڈیزائن کرنے کا کہا گیا تھا۔
ماہین نے بتایا کہ مشرقی طرز کا لباس جو شہزادی کیٹ نے آج زیب تن کیا ہے یہ انہوں نے شہزادی کیٹ کی شخصیت اور انکیے دورے کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خاص طور پر ڈیزائن کیا تھا اور اس کے رنگ کا انتخاب بھی ان کا اپنا تھا جو کہ شہزادی کو بہت پسند آیا۔

برطانوی شاہی محل کے عہدیدار ماہین  کے بنائے گئے کچھ جوڑے لے کر گئے تھے جو شہزادی کیٹ کو پسند آئے تھے (فوٹو:سوشل میڈیا)

ماہین کا کہنا ہے کہ ابھی تک ان کی شہزادی کیٹ سے ملاقات نہیں ہوئی، البتہ ان کی جانب سے ہدایات اور فیڈ بیک پہنچا دیا جاتا ہے۔
پاکستانی ڈریس ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہزادی کیٹ کے لیے مزید جوڑے بھی بنائے ہیں جو انہیں نہایت پسند آئے، ”اب یہ شاہی عملے اور شہزادی کی ایما پر ہے کے وہ کب دیگر لباس بھی زیب تن کریں۔“
یہ پہلا موقع نہیں کہ شہزادی کیٹ نے پاکستانی ڈیزائنرز کی بنائی ہوئی پراڈکٹس پہنی ہوں، اس سے پہلے شہزادی کیٹ نے پاکستانی فیشن برانڈ ’زین‘ کی ڈیزائن کردہ بالیاں پہنیں تھیں جو بعد میں عوام میں بے حد مقبول ہوئی تھیں اور انکی آن لائن فروخت میں ہوشربا اصافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ 
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: