Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سپرہائی وے پر فائرنگ سے تین ہلاک

پولیس ترجمان کے مطابق ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
کراچی کے مضافات میں سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والے کاٹھور پل پر ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ 
کراچی پولیس کے ترجمان قمر زیب تقی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کاٹھور پل پر ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا جس کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے ابھی تک پولیس سے رابطہ نہیں کیا، جیسے ہی کوئی پولیس سے رابطہ کرے گا تو واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کی جائیں گی تا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق وزیرستان سے بتایا جا رہا ہے۔ فوٹو سوشل میڈیا

دوسری جانب مقتولین کے ساتھیوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 دن سے ان کی گاڑیاں کاٹھور پل پر روکی جارہی تھیں اور موٹروے انتظامیہ کی جانب سے جواز یہ بتایا جا رہا تھا کہ ان کی گاڑیوں میں گنجائش سے زائد وزن لوڈ کیا گیا ہے۔
ڈرائیوروں کے مطابق ان کی گاڑیاں شہر کے اندر داخل ہونے نہیں دی جارہی اس لیے تمام ڈرائیوروں نے احتجاج شروع کیا۔  انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے احتجاج ختم کروانے کے لیے فائرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں ان کے 3 ساتھی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
نعشوں اور زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتولین کی شناخت 40 سالہ نیاز علی، 36 سالہ ایوب اور رسول خان کے نام سے ہوئی۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق وزیرستان سے بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے خلاف ڈرائیوروں نے احتجاج شروع کردیا اور ٹرانسپورٹرز نے موٹر وے کے دونوں ٹریکس بند کردیے۔
ان کا کہنا ہے کہ انصاف ملنے تک میتوں کے ہمراہ احتجاج کریں گے۔

 

ایس ایچ او میمن گوٹھ قلندر بخش کے مطابق ابھی تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکی کیوں کہ لواحقین نے موٹروے بلاک کر کے دھرنا دیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کر رہی ہے۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کرلی ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے موٹروے پر احتجاج کی وجہ سے بندش کے پیشِ نظر شہریوں کو دوران سفر متبادل راستہ اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حیدرآباد سے کراچی جانے والے مسافر نوری آباد سے M9 چھوڑ کرنیشنل ہائے وے پر ٹھٹھہ والے روڈ سے کراچی کے لیے سفر کریں ۔کراچی سے آنے والی ٹریفک کو موٹروے پولیس کراچی ٹول پلازہ سے یوٹرن کروا کر براستہ ملیر قائد آباد نیشنل ہائے وے ٹھٹھہ روڈ کی طرف بھیج رہی ہیں۔

شیئر: