Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواہش ہے ٹام بوائے کا کردار ادا کروں‘

یشما کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بڑی سکرین پر ڈانس کی صلاحیتیں دکھانے سے اچھی کیا بات ہو گی
یشما گِل پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی وہ اداکارہ ہیں جن کو اپنے کام سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے۔ بطور معاون اداکارہ اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی یشما آج متعدد سیریلز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔  
یشما گِل کا کہنا ہے کہ انہیں بچپن ہی سے شوبز میں آنے کا شوق تھا۔ 16 سال کی عمر میں چھٹیوں کے دوران انہوں نے پلے ٹی وی میں چند ماہ بطور وی جے کام کیا مگر پھر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے ملک سے باہر چلی گئیں۔
یشما بیرون ملک سے واپس آئیں تو ان کے دوستوں نے انہیں دوبارہ شوبز میں آنے کے لیے کہا اور 2016 میں ایک ٹیلی فلم میں کام کرنے کے بعد ان کا سفر پھر سے شروع  ہو گیا۔

یشما گل کے مطابق میگا ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں وہ سپر ماڈل کا کردار نبھائیں گی، فوٹو: فیس بک

اس وقت یشما ہم ٹی وی کے ڈرامے ’جوگن‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ میگا ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں انہوں نے حمزہ علی عباسی، احسن خان، سجل علی اور کبریٰ خان جیسے اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔  
’الف‘ میں یشما کا کردار حمزہ علی عباسی کے مقابل ’شیلی‘ نامی ایک سپر ماڈل کا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ کردار میرے لیے ایک بہت مختلف تجربہ تھا۔‘
 ’ایک سپر ماڈل کے کردار کی وجہ سے میرے کپڑوں، ہیئر سٹائل اور میک اپ پر بہت زیادہ توجہ دی گئی اور یہ سب سنبھالنا میرے لیے واقعی ایک چیلنج تھا۔‘ 
یشما پہلے دن ہی سے ایک ہیروئن بننے کے بجائے ایک اچھی ادکارہ بننا چاہتی تھیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میں اپنے کام کے ساتھ بہت تجربات کرتی رہی ہوں اور ہر طرح کے کردار کر چکی ہوں جن میں کامیڈی اور منفی کردار سے لے کر روایتی رونے دھونے والے کردار سب ہی شامل ہیں۔

یشما گل کا کہنا ہے کہ اگر اچھے کردار کی آفر ہوئی تو فلم ضرور کروں گی، فوٹو: فیس بک

اب میری خواہش ہے کہ ’ایک ٹام بوائے قسم کا کردار کروں جس میں فوجی یونیفارم بھی پہنوں۔‘
دیگر اداکاراؤں کی طرح موسیقی کے شعبے میں آنے کے بارے میں یشما گل نے کہا کہ ’وہ اسے اپنا پروفیشن نہیں بنانا چاہتیں لیکن ان کو گانا بہت پسند ہے۔‘ ان کا خیال ہے کہ ان کی آواز اتنی اچھی نہیں مگر ان دنوں وہ گٹار بجانا سیکھ رہی ہیں۔  
فلم میں کام کرنے کے حوالے سے یشما کا کہنا تھا کہ انہیں جب بھی کوئی اچھی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گی لیکن اس سال عید پر آنے والی فلم ’رانگ نمبر ٹو‘ میں شادی کے گانے پر ڈانس سے وہ بڑی سکرین پر آنے کی ابتدا کر چکی ہیں۔

یشما کا خیال ہے کہ ان کی آواز اتنی اچھی نہیں مگر ان دنوں وہ گٹار بجانا سیکھ رہی ہیں، فوٹو: فیس بک

 اس بارے میں یشما کا کہنا تھا کہ 'ان کو ڈانس کا بے حد شوق ہے اور جب اسے بڑی سکرین پر دکھانے کا موقع ملے تو اس سے اچھی کیا بات ہو گی۔'
یشما گِل نے مزید بتایا کہ ’اس سے پہلے میں نے مہندیوں میں بہت ڈانس کیا تھا اور مجھے لگتا تھا کہ میں بہت اچھی ڈانسر ہوں لیکن جب میں ریہرسل پر گئی تو معلوم ہوا کہ اس فن میں تو ایک ایک انگلی کا حساب رکھنا پڑتا ہے اور آپ کی ہر ادا موسیقی کے ساتھ متوازن اور ہم آہنگ ہونی چاہیے۔
 ’اس دن مجھے ایسا لگا کہ میں تو رقص کے فن سے بالکل ہی نابلد ہوں لیکن میرے کوریوگرافر نگاہ جی نے مجھ پر کافی محنت کی اور بہت سکھایا۔ سیٹ پر جانے سے پہلے میں نے ان سے اجازت لی تو انہوں نے کہا کہ وہ مطمئن ہیں۔‘
ایک اداکارہ ہونے کے حوالے سے یشما کا کہنا تھا کہ ’کیمرے کے سامنے آنے کے لیے آپ کا پراعتماد ہونے کے ساتھ اپنے کام سے عشق ضروری ہے۔‘

یشما کہتی ہیں کہ وہ کامیڈی اور منفی سمیت سبھی کردار ادا کر چکی ہیں، فوٹو: فیس بک

 ’اگر ایسا ہے تو پھر جس وقت آپ فلور پر جاتے ہیں، کیمرہ آن ہوتا ہے اور ایکشن شروع ہوتا ہے تو پھر آپ بھول جاتے ہیں کہ آپ کون ہیں، پھر چاہے آپ ڈانس کر رہے ہوں، ڈائیلاگ ادا کر رہے ہوں یا پھر تاثرات دے رہے ہوں، آپ مکمل طور پر اپنے کردار میں ہوتے ہیں، کم سے کم میرے لیے تو اداکاری یہی ہے۔‘
اپنے یوٹیوب چینل کے بارے میں بتاتے ہوئے یشما گل نے کہا کہ ’سکرین پر لوگ ان کو مختلف کرداروں میں دیکھتے ہیں۔ چنانچہ اپنے مداحوں کے ساتھ دوستانہ تعلق بنانے کے لیے میں نے یوٹیوب پر ایک وی لاگ شروع کیا ہے جس میں ان کے ساتھ اپنی روزمرہ زندگی کے نت نئے تجربات شیئر کرتی ہوں کہ شاید کچھ ایسا کر جاؤں جو کسی پر کوئی مثبت اثر ڈال دے۔‘

یشما کا کہنا ہے کہ 16 سال کی عمر میں وہ پلے ٹی وی میں بطور وی جے کام کر چکی ہیں، فوٹو: فیس بک

 یشما گل کا کہنا ہے کہ ’مجھے سب سے زیادہ مزا اس ویڈیو میں آیا جو میں نے قریباً 75 سانپوں کے ساتھ ریکارڈ کی تھی۔ مجھے سانپوں سے بہت خوف آتا ہے لیکن میں نے لوگوں کو یہ بتانے کی کوشش کی کہ اگر آپ چاہیں تو کسی بھی خوف کو دور کر سکتے ہیں۔‘

شیئر: