Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہماری رنگت کی وجہ سے ہمیں کم تر نہ سمجھا جائے‘

برطانوی اداکارہ جمیلہ جمیل کے مطابق مین سٹریم میڈیا میں گندمی رنگ والے اور سیاہ فام لوگوں کی کمی ہے۔ (فوٹو:انسٹا گرام)
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھی رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال کی جاتی ہیں لیکن ٹان فرانس اور اقرا عزیز جیسے اداکار اپنی رنگت کو قبول کرنے اور اپنے وجود کی موجودگی کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
یہ اداکار ان فنکاروں کی فہرست میں شامل ہو رہے ہیں جو خود سے محبت اور خوبصورتی کے لیے خطرناک تصورات کے خلاف پلیٹ فارم کا حصہ ہے۔
انٹرنیٹ پر ٹی وی پروگرام اور فلمیں دکھانے والی کمپنی ’نیٹ فلکس‘ کی سیریز ’کویئر آئی‘ میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد اداکار ٹان فرانس نے حال ہی میں انسٹا گرام پر ’شیڈڈ‘ کے نام سے ایک اکاؤنٹ بنایا ہے جس کا مقصد انسان کا اپنے رنگ کو اہمیت دینا ہے۔
ان کے انسٹا گرام پیج پر 20 ہزار فولورز ہو چکے ہیں۔

ٹان فرانس کہتے ہیں کہ لوگوں کو ان کے قدرتی رنگ کے ساتھ قبول کیا جائے (فوٹو:ٹوئٹر)

ٹان فرانس نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’میں لوگوں کو ان کے قدرتی رنگ کو قبول کرنے کی ترغیب دیتا ہوں اور ان لوگوں سے کہتا ہوں کہ ہمارے گہرے رنگ کی وجہ سے ہمیں کم تر نہ سمجھا جائے۔‘
انہوں نے مزید اپنے پیغام میں کہا کہ ’دنیا ہمیں ایک مکمل انسان کے طور پر دیکھنا شروع کرے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سفید رنگت کو لوگوں نے معیار بنا رکھا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ٹان فرانس مین سٹریم ہالی وڈ میں گندمی رنگت رکھنے والے ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہالی وڈ میں ’براؤن رنگ‘ یا گندمی رنگ کے اداکاروں کی کمی پر سوالات اٹھائے تھے۔
ٹان فرانس کی طرح پاکستانی ٹی وی کی اداکارہ اقرا عزیز نے بھی رنگ گورا کرنے والی کریموں کا معاملہ اٹھایا تھا۔

ایشیا اور افریقہ میں بیوٹی کریموں کا استعمال زیادہ ہوتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

مختلف ممالک کے اداکاروں نے رنگ گورا کرنے والی کریموں اور وزن پر تنقید کرنے والوں کے خلاف آوازیں بلند کی ہیں۔
برطانوی اداکارہ جمیلہ جمیل نے’آئی وے‘ کے نام سے ایک تحریک  شرع کی ہے جہاں وہ لوگوں کو ترغیب دیتی ہیں کہ اپنی شکل و صورت اور وزن کی پرواہ کیے بغیر اپنی کامیابیاں شئیر کریں۔
حال ہی میں اقرا عزیز نے رنگ گورا کرنے والے ایک کمرشل میں کام کرنے سے انکار کیا جس پر ان کے منگیتر یاسر حسین نے بھی ان کے فیصلے کو سراہا۔ 
انسٹا گرام پر یاسر حسین نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا ’ رنگ گورا کرنے والی پروڈکٹس سے معاشرے میں احساس محرومی پھیلتی ہے۔‘
مشہور اداکارہ ماہرہ خان نے 2016 میں برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ  وہ کبھی بھی بیوٹی کریموں کی حمایت نہیں کریں گی کیونکہ اس سے معاشرہ احساس محرومی کا شکار ہوتا ہے۔

شیئر: