Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے بی شارک‘ لبنانی مظاہرین کا قومی ترانہ بن گیا

لبنان کے کشیدہ حالات میں اس گانے نے ماحول کو کچھ حد تک خوشگوار بنا دیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
اگر آپ کے گھر میں بچے ہیں تو ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ آپ کو بے بی شارک گانے کے بارے میں معلوم نہ ہو۔ یہ گانا دنیا بھر کے بچوں میں خاصا مقبول ہے، پنک فونگ کے نام سے کورین یوٹیوب چینل پر بچوں کے لیے جب یہ گانا ریلیز ہوا تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ ناصرف کوریا، امریکہ بلکہ پاکستان میں بھی بچوں کا یہ پسندیدہ گانا بن چکا ہے۔
بچوں کو تو لہک لہک کر یہ گانا گاتے سب نے ہی دیکھا ہوگا لیکن لبنان میں بچے نہیں بلکہ بڑے یہ گانا کورس میں ایسے گارہے ہیں جیسے یہ ان کا قومی ترانہ ہو۔

بے بی شارک ناصرف کوریا، امریکہ بلکہ پاکستان میں بھی بچوں کا پسندیدہ گانا بن چکا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

ہوا کچھ یوں کہ لبنان کے شہر بیروت میں جہاں معاشی عدم استحکام پر حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، ایک خاتون اپنی کار میں سوار بابدا ضلع سے گزر رہی تھیں کہ مظاہرین نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا اور نعرے بازی شروع کردی۔ ان کے ساتھ ان کا 15 ماہ کا بیٹا بھی گاڑی میں سوار تھا۔
سی این این کو ایلیان جابور نے سی این این کو بتایا کہ’میں نے انہیں(مظاہرین) کو بتایا کہ میرے ساتھ میرا چھوٹا بیٹا بھی ہے، شور مت مچائیں جس پر انہوں نے ’بے بی شارک‘ گانا شروع کردیا۔
’یہ بالکل اچانک تھا، میرے بیٹے کو یہ گانا بےحد پسند ہے۔‘

جابور نے مزید بتایا کہ اس ساری صورتحال کی ویڈیو فوراً ہی پورے لبنان میں وائرل ہوگئی یہاں تک کہ میرے بتانے سے پہلے ہی میرے شوہر نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ لی تھی۔‘
لبنان کے کشیدہ حالات میں اس گانے نے ماحول کو کچھ حد تک خوشگوار بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو لبنان کی حکومت کی جانب سے ٹیکسوں کے نفاذ کا اعلان کیا گیا تھا جس کے خلاف عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پرنکل آئی اور پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ 

جابور کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی ان کے بچے کے لیے گانے کی ویڈیو دراصل لبنان کے بچوں کے حقائق کی عکاس ہے۔
’لبنان کے بچوں کا بہتر مستقبل ہونا چاہیے، روبن  جب بڑا ہوجائے گا تو یہ ویڈیو دیکھے گا اور یہ اسے یہ معلوم ہوگا کہ لبنانی اس کے (حقوق) کے لیے لڑرہے تھے۔‘
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: