Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میزبان ویزہ‘ پر سعودی عرب جانا ممکن

میزبان ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں 90 دن تک قیام کرسکتا ہے (فوٹو: الیوم الاقتصادی)
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اپنے عزیز و اقارب کو ’میزبان ویزہ‘ پر بلا سکیں گے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ اور محکمہ پاسپورٹ اس کے ضابطوں پر غور کر رہی ہے۔ بہت جلد اس کا اعلان کیا جائے گا۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی آن لائن سسٹم ’ابشر‘ کے ذریعے اپنی ذاتی ذمہ داری پر سال میں 3 سے 5 افراد کو ’میزبان ویزہ‘ جاری کر سکتے ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبان ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں 90 دن تک قیام کرسکتا ہے۔ اسے سعودی عرب میں نقل وحرکت کی آزادی ہوگی۔ وہ چاہے تو اپنے میزبان کے گھر میں قیام کرے یا پھر چاہے تو ہوٹل میں رہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ میزبان ویزہ جاری کرنے کی فیس 500 ریال رکھی گئی ہے۔ ایک شخص کو سال میں 3 مرتبہ اس ویزے پر بلایا جاسکتا ہے۔

سعودی عرب میں مقیم غیرملکی میزبان ویزہ کے لیے آن لائن سسٹم سے رجوع کرے گا۔ اسے کسی محکمے کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیرملکی سال میں 3 سے 5 افراد کی میزبانی کر سکتا ہے۔ ویزے پر آنے والا شخص مملکت بھر میں جہاں چاہے جاسکتا ہے۔ اسے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔
محکمہ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ ’میزبان ویزہ‘ سعودی شہریوں کے شناختی کارڈ جبکہ غیرملکی کے اقامے پر جاری ہوگا۔ ویزے کی میعاد ختم ہونے پر آنے والے شخص کو واپس جانا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبان ویزہ جاری کرنے والے اپنے مہمانوں کا مکمل ذمہ دار ہوگا۔ مملکت آمد سے روانگی تک ان کے تمام معاملات میزبان کے ذمہ ہوں گے۔
  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

 

شیئر: