Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عالمی برادری حوثیوں کو بارودی سرنگیں بچھانے سے روکے‘

حوثی ملیشیا سرحدی علاقے میں اندھا دھند بارودی سرنگیں بچھا رہے ہیں (فوٹو: واس)
سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کو بارودی سرنگیں بچھانے اور یمنی عوام کا قتل عام کرنے سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
العربیہ ویب سائٹ کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل رکن فیصل بن سعید البیشی نے’بارودی سرنگوں کے انسداد‘ کے زیر عنوان منعقد ہونے والے اجلاس میں کہی ہے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حوثی باغی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بارودی سرنگیں دنیا بھر میں انتہائی تباہ کن سمجھی جاتی ہیں جن سے انسانی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوتا ہے اور سعودی عرب ان ممالک میں سے ہے جو حوثی باغیوں کی طرف سے اس طرح کے خطرے سے دوچار ہے۔

سعودی اداروں نے ایک لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا ہے۔ فوٹو ہیومن رائٹس واچ

فیصل بن سعید البیشی نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب اور یمن کے سرحدی علاقے میں اندھا دھند بارودی سرنگیں بچھا رہا ہے۔ وہ ارد گرد کے ماحول سے ملتی جلتی بارودی سرنگیں تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن کا عام آدمی کو انکشاف نہیں ہوتا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ بارودی سرنگوں کی وجہ سے اب تک ہزاروں یمنی شہری اور خاص طور پر بچے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں معذور ہوچکے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی اداروں نے اب تک سرحدی علاقے کے علاوہ یمنی حدود کے اندر ایک لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی موجودگی میں یمنی شہریوں کی سلامتی مشکوک ہوچکی ہے۔ عالمی برادری کو چاہیے اس مجرم ملیشیا کی سرگرمیوں کی روک تھام کرے۔
اپ ڈیٹ رہیں ، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: