وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور شانزے علی روحیل شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔
شانزے روہیل سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ شادی کی تقریبات 16 سے 18 جنوری کو جاتی امرا لاہور میں منعقد ہوئیں جس میں مہندی، بارات اور ولیمہ کے پروگرام شامل تھے۔
مزید پڑھیں
تینوں دن کی تقریبات سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہیں جن میں دلہا دلہن کے ملبوسات، شادی کے کھانے، مریم نواز کی ڈریسنگ اور مریم اورنگزیب کا ’گلو اپ‘ اور بدلاؤ جیسی چیزیں شامل تھیں۔
مہندی کی تقریب کا ذکر کیا جائے تو جنید صفدر نے پاکستانی ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) کا لباس پہنا جس میں نیوی بلیو رنگ کی روایتی شلوار قمیض، ساتھ کاٹن کے کپڑے سے تیار کی گئی واسکٹ شامل تھی۔

شانزے روحیل کی بات کی جائے تو مہندی کے لباس نے پورے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی تھی جب معلوم ہوا کہ شانزے نے معروف انڈین ڈیزائنر سابیاساچی کا ڈیزائن کردہ سبز اور ملٹی کلرڈ لہنگا پہنا جس پر زردوزی، گوتا پٹی، سیکوئنز کام تھا اور پیچ رنگ کی نیٹ دوپٹہ کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا۔

بارات پر بھی جنید صفدر ایچ ایس وائے کے ڈیزائن کردہ کپڑوں میں نظر آئے جس میں آف وائٹ رنگ کی خصوصی طور پر تیار کی گئی شیروانی، جس میں ابھرا ہوا سکلپٹڈ کالر اور نفیس بٹنوں کی خوبصورت ڈِیٹیلنگ شامل تھی۔ اسے روایتی پگڑی اور کاٹن شلوار قمیض کے ساتھ مکمل کیا گیا تھا۔

جہاں دلہن شانزے کا مہندی پر پہنا گیا انڈین ڈیزائنر کا لباس زیر بحث رہا وہیں شانزے نے دوسرے دن ایک بار پھر انڈین ڈیزائنر کا انتخاب کیا اور معروف ڈیزائنر ترون تہلیانی کی تیار کردہ گہرے سرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی ترون تہلیانی کی ساڑھی اس سے قبل انڈین اداکارہ اننیا پانڈے نے بھی آدار جین کی شادی میں پہنی تھی۔
باریک پھولوں کے خوبصورت کڑھائی والے ڈیزائن سے مزین اس ساڑھی کے کنارے پر قدیم سنہری بارڈر دیا گیا ہے، جبکہ نفیس انداز میں تیار کیا گیا اس کا پلّو حرکت کے دوران خاص طور پر نمایاں دکھائی دیتا ہے۔

واضح رہے ترون تہلیانی انڈیا کے معروف ڈیزائنر ہیں اور بالی وڈ کی معروف اداکارئیں بھی اس ڈیزائنر کے لباس پہن چکی ہیں جن میں کرینہ کپور، جھانوی کپور، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف جیسے نام بھی شامل ہیں۔
ترون تہلیانی کے انسٹاگرام پر اننیا پانڈے کو وہی ساڑھی پہنے دیکھا جا سکتا ہے جو جنید صفدر کی اہلیہ شانزے نے بارات پر زیب تن کی۔

اگر اس ساڑھی کی قیمت کا اندازہ لگایا جائے تو ترون تہلیانی کی کشیدا ساڑھی تقریبا 4 ہزار ڈالر سے 12 ہزار ڈالر کے درمیان ہیں۔
شانزے کی جیولری کی بات کی جائے تو وہ کرات جیولرز کی تھی جبکہ میک اپ سعد سمیع کی جانب سے کیا گیا۔

ولیمے کی بات کی جائے تو جنید صفدر اور شانزے دونوں نے پاکستان کے معروف ڈیزانر فراز منان کے لباس زیب تن کیے۔

جہاں شادی کی تقریبات میں دلہا دلہن توجہ کا مرکز بنے رہے وہیں مریم نواز سمیت مسلم لیگ کی دیگر خواتین رہنماؤں کے لباس پر بھی انٹرنیٹ نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے جنید صفدر کی مہندی اور ولیمے پر پاکستانی ڈیزائنر نومی انصاری کے ڈیزائن کردہ لباس پہنے جبکہ بارات پر مریم نواز نے پاکستانی ڈیزائنر اقبال حسین کا ڈیزائن کردہ ہرے رنگ کا لباس پہنا۔ بارات پر مریم نواز کے ہاتھوں میں نظر آنے والا ہینڈ بیگ معروف اطالوی برانڈی ویلنٹینو کا ہے جس کی قیمت 3100 ڈالر ہے۔

مریم نواز کی جانب سے پہنے گئے زیورات کی بات کی جائے تو وہ پاکستانی حنیف جیولرز کی جانب سے بنائے گئے تھے۔

جہاں سوشل میڈیا پر صارفین یہ کہتے نظر آئے کہ مریم نواز تو دلہن سے بھی سپاٹ لائٹ چھین لے گئیں، وہیں مریم اورنگزیب کو دیکھ کر متعدد صارفین حیران تھے اور کہا یہ جا رہا تھا کہ مریم اورنگزیب میں اتنا بدلاؤ کیسے آگیا۔













