پاکستان میں سنہ 2026 میں سرکاری چھٹیاں کتنی ہوں گی؟
پیر 19 جنوری 2026 15:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں عیدالفطر کی چھٹیاں 21، 22 اور 23 مارچ کو ہوں گی (فائل فوٹو: پکسابے)
حکومتِ پاکستان نے سال 2026 کے لیے سرکاری، بینک اور اختیاری تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ تعطیلات مذہبی، قومی اور ثقافتی مواقع کے پیش نظر دی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ فروری بروز جمعرات یومِ کشمیر، 23 مارچ بروز پیر یومِ پاکستان، عیدالفطر کی چھٹیاں 21، 22 اور 23 مارچ کو ہوں گی۔
یومِ مزدور یکم مئی بروز جمعہ، 28 مئی بروز جمعرات یومِ تکبیر، عیدالاضحیٰ 27، 28 اور 29 مئی جبکہ 9 اور 10 محرم کی چھٹیاں 24 اور 25 جون کو ہوں گی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق 14 اگست بروز جمعہ یومِ آزادی، 25 اگست بروز منگل عید میلاد النبی، نو نومبر بروز پیر علامہ اقبال ڈے اور 25 دسمبر بروز جمعہ قائداعظم ڈے اور کرسمس کی سرکاری تعطیل ہوگی، جبکہ 26 دسمبر بروز ہفتہ کرسمس کے بعد کے دن کی چھٹی صرف مسیحی ملازمین کے لیے ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں بینک تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں یکم جنوری، 18 فروری (یکم رمضان، زکوٰۃ کٹوتی کے لیے، چاند نظر آنے سے مشروط) اور یکم جولائی شامل ہیں، ان دنوں بینک عوام کے لیے بند ہوں گے تاہم بینک ملازمین کے لیے یہ تعطیلات تصور نہیں ہوں گی۔

اس کے علاوہ سال 2026 کے لیے اختیاری تعطیلات کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جن میں نیو ایئر ڈے یکم جنوری، شبِ معراج 17 جنوری، بسنت پنچمی 23 جنوری، شبِ برات چار فروری، شیو راتری 16 فروری، دلھانڈی تین مارچ، ہولی چار مارچ، گڈ فرائیڈے تین اپریل شامل ہے۔
اسی طرح سے ایسٹر پانچ اور چھ اپریل، بیساکھی 14 اپریل، عید رضوان 21 اپریل (صرف بہائی کمیونٹی کے لیے)، بدھا پورنیما 24 مئی، چہلم چار اگست، نوروز 15 اگست، لارڈ زورواسٹر کی سالگرہ 20 اگست، کرشن جنم اشٹمی چار ستمبر، گیارویں شریف 23 ستمبر، درگا پوجا 19 اکتوبر، دسہرہ 20 اکتوبر، گرو والمیک جی کی سالگرہ 26 اکتوبر، دیوالی نو نومبر اور گرو نانک دیو جی کی سالگرہ کی چھٹی 24 نومبر کو ہوگی۔

یوں سال 2026 میں کُل 34 سرکاری، بینک اور اختیاری تعطیلات ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اختیاری تعطیلات کا اطلاق فرقہ وارانہ بنیاد پر ہوگا اور ان کی منظوری متعلقہ ادارے کے سربراہ کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
