Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ: سرنگوں میں کیمروں کی تنصیب 

مکہ مکرمہ کی سرنگوں میں حج سیزن کے دوران کافی ازدحام رہتا ہے.فوٹو ۔ سبق
  بلدیہ کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ( عرفات ، منی اور مزدلفہ ) کی سرنگوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ کیمروں کی تنصیب کے لیے مقامی کمپنی سے 40 لاکھ 69 ہزار ریال کا معاہدہ کر لیا گیا ہے ۔
مکہ مکرمہ کی بلدیہ کے ترجمان رائد سمرقندی نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ " کیمروں کی تنصیب کا بنیادی مقصد شہریو ں اور زائرین وعازمین کی حفاظت ہے علاوہ ازیں ان سے امن عامہ کے ادارے بھی مستفیض ہونگے ' ۔

 کیمروں کی تنصیب کا کام 12 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا.فوٹو ۔ سبق  

سرنگوں میں نصب کیے جانے والے کیمرے انتہائی اعلی  نوعیت  کے ہیں جو نیٹ ورک کے ذریعے کنٹرول روم سے براہ راست منسلک ہونگے ، ترجمان نے مزید بتایا کہ ' معاہدے کے مطابق کیمروں کی تنصیب کا کام 12 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا ' ۔
 واضح رہے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسے میں 58 سرنگیں ہیں جن کی دیکھ بھال بلدیہ کے ذمہ ہے ۔ معاہدے کے مطابق سرنگوں میں لگائے جانے والے کیمروں میں 150 فکس ، 40کیمرے متحرک ہونگے جبکہ 35 کیمرے پینورامہ ٹیکنالوجی کے حامل ہونگے ۔
 مرکزی کنٹرول روم میں 13 وڈیو ریکارڈنگ کے آلات لگائے جائیں گے جو ان کیمروں سے منسلک ہونگے ۔
کیمروں کو مسلسل فعال رکھنے کے لیے خصوصی بیک اپ سسٹم بھی نصب کیا جائے گا جو ہنگامی صورتحال میں کیمروں کو برقی رو مہیا کرے گا ۔ 
کنٹرول روم میں13 مانیٹرنگ یونٹس قائم کیے جائیں گے جبکہ 50 اسکرینز کے ذریعے سرنگوں کا مشاہدہ کیاجائے گا ۔
مکہ مکرمہ کی سرنگوں میں حج سیزن کے دوران کافی ازدحام رہتا ہے ۔ ٹریفک کے علاوہ ان سرنگوں سے لوگ پیدل بھی سفر کرتے ہیں جن میں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج اور زائرین بھی شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: