Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش کے لیے خصوصی نماز ادا کرنے کی اپیل

سعودی عرب ان دنوں خشک سالی کا شکار ہے۔ فوٹو ایس پی اے
سعودی عرب میں ان دنوں کاشتکار اور چرواہے بروقت بارش نہ ہونے کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔ سعودی عرب دریاﺅں اور روایتی آبی ذخائر سے محروم ہونے کے باعث آبپاشی کے لیے زیادہ تر انحصار بارش پر ہی کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں آباد تمام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات کو بارش کے لیے خصوصی نماز ادا کریں۔

شاہ سلمان نے لوگوں پر زور دیا کہ پیغمبر اسلام کی پیروی کرتے ہوئے مصیبت زدگان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں۔ فوٹو ایس پی اے

اسلام نے اپنے پیرو کاروں کو ہدایت کی ہے کہ جب وہ خشک سالی میں مبتلا ہوں تو وہ’صلاة استسقاء‘ (بارش کے لیے خصوصی نماز) ادا کریں۔ جب بھی ریاست مدینہ میں بارش نہیں ہوتی تھی اور وہاں کے باشندوں کو اس کی شدید ضرورت محسوس ہوتی تو پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم بارش کی نماز کا اہتمام کیا کرتے تھے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایوان شاہی سے اپیل جاری کرکے اسلامی تاریخ کے اس رواج کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام کی پیروی کرتے ہوئے سب لوگ چاہے وہ سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی بارش کی نماز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس موقع پر سب لوگ اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔ آئندہ گناہ نہ کرنے کا عہد کریں اور عوام کے ساتھ اچھی طرح سے پیش آئیں۔ ان کی ضروریات پوری کریں۔
شاہ سلمان نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ پیغمبر اسلام کی پیروی کرتے ہوئے سعودی عرب میں آباد لوگ مصیبت زدگان کے مسائل حل کرنے اور ان کی مشکلات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اللہ تعالیٰ کے سامنے گڑگڑ ا کر دعائیں کریں۔ ایسا کرنے سے رحمت کی بارش کا برسنا یقینی ہوجائے گا۔                                

شیئر: